ہزاروں فلسطینیوں کے اسرائیل مخالف مظاہرے 500 زخمی

غزہ سرحد پر صیہونی فورسزکی مظاہرین پر فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ، فلسطینی شہریوں کا شدید پتھراؤ

احتجاجی فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کا یوں براہ راست فائرنگ کرنا غیر قانونی ہے، انسانی حقوق کی تنظیمیں، صیہونی شرپسندوں نے نابلوس میں مسجدنذرآتش کردی۔ فوٹو: سوشل میڈیا

ISLAMABAD:
غزہ اور اسرائیلی سرحد پر ہزاروں فلسطینی مظاہرین نے اسرائیل کے خلاف احتجاج کیا جب کہ مظاہرین پر صیہونی فورسز نے فائرنگ اور آنسو گیس کی شدید شیلنگ کی جس سے500 سے زائد فلسطینی زخمی ہوگئے۔

اسرائیل اور فلسطینی علاقے غزہ کی سرحد کے قریب ہزاروں فلسطینی باشندوں کا احتجاج گزشتہ روز مسلسل تیسرے جمعے کو بھی ہوا۔ اب تک ایسے ہی ہفتہ وار پرتشدد مظاہروں میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں 33 فلسطینی شہید جبکہ سیکڑوں فلسطینی زخمی ہوچکے ہیں۔ شمالی غزہ میں فلسطینی مظاہرین نے ایک بہت بڑا اسرائیلی پرچم نذر آتش کیا۔ مظاہرین نے سرحدی باڑ کی دوسری جانب پتھر بھی پھینکے اور جگہ جگہ ٹائر بھی جلائے۔


جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیلی فوج نے فلسطینی مظاہرین پر گولی چلادی اور آنسو گیس کے شیل بھی فائر کیے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ احتجاجی فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کا یوں براہ راست فائرنگ کرنا غیر قانونی ہے۔

دوسری طرف صیہونی شرپسندوں نے نابلوس میں اسرائیلی فوج کی سرپرستی میں آتش گیر مادے سے مسجد کو آگ لگا دی، صیہونی درندوں نے مسجد کی بیرونی دیواروں پر اسشتعال انگیز نعرے بھی تحریر کیے۔ انسانی حقوق کی کئی تنظیموں نے اسرائیلی فوج کے ان اقدامات کو ضوابط کی صریحاً خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
Load Next Story