طلبا میٹرک کے امتحان میں شرکت سے محروم ہائیکورٹ نے نوٹس لے لیا

اسکول انتظامیہ کی غفلت کی وجہ سے بڑی تعداد میں طلبا امتحانات میں شرکت سے محروم ہوگئے، عدالت کی آبزرویشن

ایسے اسکولوں کیخلاف کارروائی اور طلبا کی آئندہ ضمنی امتحانات میں شرکت کا جائزہ لیا جائے،سیکریٹری تعلیم کو ہدایت فوٹو: فائل

سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں2رکنی بینچ نے محکمہ تعلیم کو میٹرک کے امتحانات میں شرکت سے محروم رہ جانے والے طلبا کے متعلقہ اسکولوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا ہے۔

عدالت نے آبزروکیا کہ اسکول انتظامیہ کی غفلت کی وجہ سے بڑی تعداد میں طلبا امتحانات میں شرکت سے محروم ہوگئے ہیں، اس طرح کے اسکول طالب علموں کے مستقبل سے کھیل رہے ہیں ، فاضل بینچ نے سیکریٹری تعلیم کو ایسے اسکولوں کیخلاف فوری طور پر کارروائی کی ہدایت کی ہے۔

عدالت نے ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کو بھی ہدایت کی کہ ایسے طلباکے لیے آئندہ ضمنی امتحانات میں شرکت کا جائزہ لیا جائے ، ایس ایچ او چاکیواڑہ کو بھی ہدایت کی گئی کہ وہ برائٹ اسٹار اسکول کے ایڈمنسٹریٹر کے خلاف بھی کارروائی کریں ، بنچ جمعہ کو لیاری سنگو لین کے رہائشی محمد حسین اور غلام فاروق کی جانب سے دائر کردہ درخواست کی سماعت کررہا تھا، درخواست میں موقف اختیارکیاگیا ہے کہ درخواست گزاروں کے 2 بچے لیاری سنگو لین میں واقع برائٹ اسٹار پبلک اسکول میں نویں اور دسویں جماعت میں زیر تعلیم ہیں۔




انھوں نے بروقت امتحانی فیس اسکول میں جمع کرادی تھی تاہم 6 اپریل کو اسکول انتظامیہ نے ایڈمٹ کارڈ سے متعلق معلومات حاصل کرنے پر بتایا کہ اسکول کاکلرک عبدالکریم طلبا کی امتحانی فیس کے ایک لاکھ43ہزار روپے لیکر فرار ہوگیا ہے، اس ضمن میں ایس ایچ او چاکیواڑہ کو بھی ایک درخواست دی گئی ہے۔

درخواست گزاروں نے موقف اختیار کیا کہ مذکورہ اسکول میں میٹرک کے 149 طلبازیر تعلیم ہیں جن کے مستقبل اور سال کو دائو پر لگادیا گیا ہے، درخواست میں استدعاکی گئی ہے کہ ان طالبعلموں کو ایڈمٹ کارڈ جاری کرنے کی ہدایت کی جائے ، جمعہ کو سماعت کے موقع پر ثانوی تعلیمی بورڈ کی جانب سے مسرور علوی ایڈووکیٹ نے وکالت نامہ داخل کیا جبکہ ایس ایچ اوجاکیواڑہ نے بتایا کہ تفتیش کے دوران مذکورہ اسکول کے پرنسپل رضوان نے تعاون نہیں کیا۔

عدالت نے پولیس کو برائٹ اسٹار اسکول جبکہ محکمہ تعلیم کو ایسے تمام اسکولوں کے خلاف کارروائی کاحکم دیا جن کی غفلت کے باعث طلبا کی فیس جمع نہیں ہوسکی، عدالت نے ثانوری بورڈ اور درخواست گزاروں کے وکلاکواس نکتہ پر عدالت کی معاونت کرنے کی ہدایت کی، عدالت نے رپورٹ پیش کرنے ہدایت کرتے ہوئے30اپریل تک سماعت ملتوی کردی۔
Load Next Story