رنگا رنگ تقریب کے ساتھ 17 ویں سندھ گیمز کا آغاز

مشعل جہانگیر خان سے وصول کرنے کے بعدگورنر نے روشن کردی، وزیر کھیل نے سفر کا آغاز کیا، کھلاڑیوں کا مارچ پاسٹ

مزار قائد سے سندھ کے وزیر کھیل سردار محمد بخش خان نے مشعل کے سفر کا آغاز کیا

گورنرسندھ محمد زبیر نے مشعل روشن کرکے 17 ویں سندھ گیمز کا افتتاح کردیا۔

مزار قائد سے سندھ کے وزیر کھیل سردار محمد بخش خان نے مشعل کے سفر کا آغاز کیا، اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان نے مشعل مہمان خصوصی گورنرسندھ کے حوالے کی، گورنرسندھ نے اولمپئن اصلاح الدین کو دی جنھوں نے ممتاز قومی ایتھلیٹ معید بلوچ کے ہمراہ مشعل روشن کی۔ معید بلوچ نے کھلاڑیوں کی جانب سے حلف اٹھایا، کھلاڑیوں نے مارچ پاسٹ کرتے ہوئے مہمان خصوصی کو سلامی پیش کی۔ بعد ازاں گورنر نے گیمز کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کیا، آرگنائزنگ سیکریٹری و سیکریٹری کھیل نیاز علی عباسی نے استقبالی کلمات ادا کیے، وزیرکھیل نے خیرمقدمی تقریر میں گیمز کے انعقاد کو خوش آئند قراردیا، گورنر سندھ نے کہا کہ 6 برس بعد منعقد ہونے والے سندھ گیمز میں کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کا بھرپور موقع حاصل ہوگیا ہے ،کھلاڑی اپنی مہارت، صلاحیت، محنت اور لگن سے ہی نمایاں مقام حاصل کرسکتے ہیں، سندھ کے کھلاڑی بہت باصلاحیت ہیں، سندھ گیمز میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کو دنیا میں مقام اور پاکستان کا نام روشن کرنا ہے، سندھ گیمز میں فاتح کھلاڑی اپنے شہر جاکر ایک نئے جوش، جذبے اور ولولے کے ساتھ قومی اور پھر عالمی مقابلوں کی تیاری شروع کریں۔


انھوں نے کہا کہ فخر سے کہتا ہوں کہ قومی ترقی کی شہ رگ کراچی کی رونقیں بحال ہوچکی ہیں، شہر میں پاکستان سپر لیگ فائنل اور ویسٹ انڈیز کے ساتھ ٹی ٹونٹی سیریز میں لوگوں کے جوش وخروش نے یہ بات ثابث کردی ہے کہ پر امن شہر کے مکین کھیلوں سے والہانہ محبت رکھتے ہیں، شہر میں ایک کے بعد ایک کھیلوں کے مقامی و بین الاقوامی مقابلے جاری ہیں، مجھے امید ہے کہ ہم سب مل کر اقوام عالم میں کراچی کو امن پسند اور کھیلوں کے حب کے طور پر نمایاں مقام دلانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ انھوں نے کہاکہ کراچی کے شہری بجا طور پر مبارکباد کے مستحق ہیں کہ جس طرح کرکٹ کے دونوں بڑے ایونٹس میں مہمان نوازی کا ثبوت دیا، اسی طرح صوبہ بھر سے آئے ہوئے کھلاڑیوں کو بھی خوش آمدید کہنے کے ساتھ ساتھ گیمز کے اختتام تک مہمان نوازی کا حق ادا کرینگے اور لوگوں کو قریب لانے اور ان میں محبت اور یکجہتی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرینگے۔ گورنر محمد زبیر نے کراچی کے شہریوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی محبت کرنے والوں کا شہر ہے۔

کراچی کے مکین سندھ گیمز میں اپنی فیملی کے ساتھ شرکت کریں اور شہر کے 15 مقامات پر ہونے والے مقابلوں میں ہمارے مستقبل کے معماروں کی بھرپور حوصلہ افزئی کریں، مجھے یقین ہے کہ دوسرے شہروں سے آنے والے کھلاڑی اور آفیشلز یہاں سے خوشگوار یادیں لے کر جائیں گے۔ گورنر سندھ نے صوبائی وزیر کھیل، سیکریٹری، بوائے اسکائوٹس، شہری اداروں بالخصوص پولیس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ ان کی محنت، لگن اور کھیل سے والہانہ محبت سے ہی سندھ گیمز کا انعقاد یقینی ہوا۔ واضح رہے کہ 4 روزہ گیمز میں سندھ بھر سے 3 ہزار سے زائد مرد و خواتین کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، سندھ گیمز میں مردوں کے30 اور خواتین کے17 مقابلے شہر کے 15مختلف مقامات پرکرائے جا رہے ہیں۔

تقریب سے خطاب میں صوبائی وزیر سردار محمد بخش مہر نے کہاکہ ہماری حتی الامکان کوشش ہے کہ سندھ گیمز میں شریک کھلاڑیوں، آفیشلز اور ٹیکنیکل آفیشلز کو رہائش، ٹرانسپورٹ سمیت کھیلوں کے وینیوز پر بہترین سہولیات فراہم کی جائیں، ہر وینیو پر ڈاکٹر کی ٹیم اور ایمبولینس کی موجودگی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے جبکہ کھلاڑیوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے سندھ رینجرز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار ڈیوٹی انجام دیں گے۔ سیکریٹری اسپورٹس ڈاکٹر نیاز عباسی نے17ویں سندھ گیمز کے انعقاد پر تمام متعلقہ اداروں کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر انجینئر محفوظ الحق، سیکریٹری احمد علی راجپوت، اسلم مہر، غلام محمد خان، اختر میر سمیت دیگر بھی موجود تھے،آخر میں رنگارنگ تقریب میں ثقافتی شو پیش کیا گیا اور آتش بازی کا مظاہرہ ہوا۔
Load Next Story