نادرا ای او بی آئی اشتراک سے پنشن تقسیم کے منصوبے کا آغاز

اسمارٹ کارڈ جاری، گھروں کے نزدیک حصول کی سہولت میسر ہوگی، چیئرمین نادرا طارق ملک

اسمارٹ کارڈ جاری، گھروں کے نزدیک حصول کی سہولت میسر ہوگی، چیئرمین نادرا طارق ملک فوٹو: فائل

نادرا نے ای او بی آئی کے رجسٹرڈ پنشنرز کی پنشن کی تقسیم کے منصوبے کا آغاز کر دیا۔

پنشنرز اپنی پنشن نادرا کے اسمارٹ کارڈ کے ذریعے نادرا کے ملک بھر میں قائم ہزاروں ای۔سہولت مراکز سے حاصل کر سکیں گے۔ نادرا اور ای او بی آئی کے اس مشترکہ منصوبے کی ایک خاصیت یہ ہے کہ پنشنرز کی تصدیق بائیومیٹرک سسٹم کے ذریعے ہوگی۔ صدر پاکستان نے اس منصوبے کی جلد تکمیل کے احکامات جاری کیے۔ ہفتہ کو جاری اپنے بیان میں چیئرمین نادرا طارق ملک نے کہا کہ ای او بی آئی کے تمام پنشنروں کو مفت اسمارٹ کارڈ جاری کیے جائیں گے، یہ کارڈ ترجیحی بنیادوں پر ایگزیکٹو سینٹرز پر بنا کر دیے جائیں گے۔

ای او بی آئی کے پینشنرز نادرا کے پانچ ہزار سے زائد ای سہولت مراکز پہ باآسانی اپنی پینشن نکلوا سکیں گے۔ اس ضمن میں انہیں کسی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ پینشنرز کو ان کے گھروں کے نزدیک پینشن کے حصول کی سہولت مہیا ہوگی۔ انہیں بینکوں کے باہر لمبی قطار میں نہیں کھڑا ہونا پڑے گا۔ مزید اس پروگرام سے نہ صرف پینشن کی تقسیم میں شفا فیت آٓئیگی بلکہ مالی بچت بھی عمل میں آئے گی۔ اسمارٹ کارڈ کے اندر تمام ڈیٹا ہونے کی وجہ سے آن لائن تصدیق کا نظام موثر طریقے سے کام کرے گا۔ پینشنرز اپنی انگلیوں اور انگوٹھے کے نشان کے ذریعے پینشن نکلوائیں گے۔




انہیں ماضی میں اس ضمن میں جو درپیش مشکلات تھیں انکا اب سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ کمپیوٹرائزڈ خود کار نظام کے ذریعے ان کے بائیومیٹرکس کی از خود تصدیق کر دیگا۔ اس نظام میں 24\7 ٹیکنیکل اور آپریشنل سپورٹ مہیا ہو گی۔ نادرا کے اس موثر نظام کے تحت پہلی پینشن سات مارچ کو لاہور اور اسلام آباد میں تجرباتی بنیادوں پہ جاری کی چکی ہے۔ اس نظام کی بدولت ای- سہولت کے تصور کو اور فروغ حاصل ہوگا۔ جب کہ عام آدمی کی سہولت کے لیے بھی نئے دروازے کھلیں گے۔ چیئرمین نادرا طارق ملک کی سربراہی میں نادرا نے چند ماہ قبل اسمارٹ کارڈ کا اجرا شروع کیا تھا۔

چیئرمین نادرا نے اس وقت کہا تھا کہ شہریوں اور اداروں کو اس کارڈ کی بدولت مستقبل قریب میں کئی سہولتیں ملیں گی اور معاشی سرگرمیوں کی رفتار میں تیزی آئے گی۔ پینشن منصوبہ اس عمل کی ایک کڑی ہے جس سے موثر، محفوظ اور شفاف انداز میں تیز رفتار خدمات حاصل ہوں گی۔ واضح رہے کہ، صدر پاکستان آصف علی زرداری نے پینشنروں کو پنشن کی ادائیگی میں حائل دشواریوں کا سنجیدگی سے نوٹس لیا تھا اور متعلقہ اداروں کو یہ مسئلہ حل کرنے کیلیے ہدایات جاری کیں تھیں۔
Load Next Story