عملے کی بھتہ خوری اور ہراساں کیے جانے کا نوٹس لیا جائیگا ڈائریکٹر ای او بی آئی

3 ملین افراد رجسٹر ہیں اور 360000 سے زائد افراد پنشن حاصل کررہے ہیں، کرپٹ عملے کیخلاف کارروائی ہوگی، اقبال حیدر

ای او بی آئی کے افسران رشوت مانگتے ہیں، غلط رویے کی وجہ سے ادارہ بدنام ہو رہا ہے، ایس ایم منیر اور زبیر چھایا کا خطاب۔ فوٹو: فائل

ایمپلائز اولڈ ایچ بینیفٹ انسٹی ٹیوشن ( ای اوبی آئی ) کے عملے کی جانب سے بھتہ خوری اور ہراساں کیے جانے کے واقعات کا سختی سے نوٹس لیا جائے گا اور ایسا کرنے والوں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

یہ بات ای او بی آئی کے ڈائریکٹر جنرل اقبال حیدر زیدی نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی ) کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، انھوں نے کہا کہ ای اوبی آئی فلاح وبہبود کا ادارہ ہے اور مجھے یہ جان کر دھچکا لگا ہے کہ اس کا عملہ اپنے ذاتی مفادات کے لیے مالکان کو ہراساں اور پریشان کرتا ہے۔

انھوں نے مالکان کویقین دہانی کرائی کہ غلط کام کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے ، انھوں نے مالکان کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے ملازمین کا رجسٹریشن آن لائن کرائیں ای او بی آئی نے حال ہی میں آن لائن سسٹم متعارف کرایا ہے،اقبال حیدرنے کہا کہ مالکان کو چاہیے کہ وہ اپنے ملازمین کی بہبود اور بہتری کے لیے ای او بی آئی کی مختلف اسکیموں میں حصہ لیں ،ادارہ پورے ملک میں اپنے نیٹ ورک میں توسیع کررہا ہے اور حال ہی میں ایک نئی اسکیم متعارف کرائی ہے کہ جس میں رجسٹریشن کے بعد ملازم کسی اور ادارے میں جانے کے بعد بھی رجسٹررہے گا۔




انھوں نے کہا کہ فی الوقت 3 ملین سے زیادہ افراد ای اوبی آئی میں رجسٹر ہیں اور 360000 سے زائد افراد پنشن حاصل کررہے ہیں،انھو ں نے کہا کہ 5 یا 5 سے زائد ملازم رکھنے والوں کی ای او بی آئی سے رجسٹریشن کرانا لازم ہے لیکن اس سے کم تعداد رکھنے والے ادارے بھی رضا کارانہ طور پر اپنے ملازمین کورجسٹر کراسکتے ہیں، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کاٹی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے کہا کہ صنعت کاروں اور مالکان کی اکثریت کو ای او بی آئی کے عملے سے شکایات ہیں۔

افسران مالکان کو ہراساں کرتے ہیں اور رشوت مانگتے ہیں عملے کے اس غلط رویے کی وجہ سے ای او بی آئی کا ادارہ بدنام ہوکر رہ گیا ہے، اعلیٰ افسران صرف اپنے ٹارگٹ کے حصول میں لگے رہتے ہیں ، انھوں نے نے کہا کہ ادارے کے کارکنان کو اپنے رویے کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، چیئرمین کاٹی زبیر چھایا نے کہا کہ ای او بی آئی کو اپنی خدمات کے حوالے سے آگاہی مہم شروع کرنی چاہیے۔

کیونکہ نجی سیکٹر کے زیادہ تر ملازمین اس سے ناواقف ہیں ، انھوں نے تجویز دی کے تاجر برادری کو درپیش مشکلات کے ازالے کے لیے کاٹی کے ممبران اور ای اوبی آئی کی ایک مشترکہ ٹیم تشکیل دی جائے تاکہ بہتر انداز میں نجی سیکٹر کے ملازمین اور تاجر برادری کو سہولیات فراہم کی جاسکے۔
Load Next Story