حکومت افغان و بھارتی پلیئرز کو این او سی جاری کرے

ایشین اسنوکر چیمپئن شپ میں17ممالک کی شرکت خوش آئند ہے،عالمگیر شیخ

ایشین اسنوکر چیمپئن شپ میں17ممالک کی شرکت خوش آئند ہے،عالمگیر شیخ. فوٹو: فائل

پاکستان اسنوکر اینڈ بلیئرڈ فیڈریشن کے صدر عالمگیر شیخ نے کہا ہے کہ27 اپریل سے شروع ہونے والی29ویں ایشین اسنوکر چیمپئن شپ میں17ممالک کی شرکت خوش آئند ہے ۔

جس سے ملک میںمختلف کھیلوں کے بین الاقوامی ایونٹس کے انعقاد میں مدد ملے گی، حکومت پاکستان چیمپئن شپ میں شرکت کی خواہاں بھارت اور افغانستان کی ٹیموں کوجلد ازجلد این او سی جاری کرے تاکہ مہمان ٹیموں کو یکسوئی حاصل ہو اور فیڈریشن بھی زیادہ بہتر انداز میں تیاری کر سکے۔

نمائندہ ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مقامی ہوٹل میں ہونے والی اس چیمپئن شپ میں میزبان پاکستان ، افغانستان، چین، ہانگ کانگ، بھارت، عراق، ایران، کویت، منگولیا، فلپائن، قطر، سنگا پور، جنوبی کوریا، سری لنکا، شام، تھائی لینڈ اور متحدہ عرب امارات کے کیوئسٹ ایکشن میں نظر آئیں گے۔


اس سے ملک میں نہ صرف اس کھیل کو فروغ حاصل ہوگا بلکہ چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد سے پاکستان کے حوالے سے عالمی سطح پر منفی تاثر کو زائل کرنے میں بھی مدد ملے گی، انھوں نے کہا کہ چیمپئن شپ میں بھارت اور افغانستان کے کھلاڑی اورآفیشلز کو ہنوز حکومت پاکستان نے این او سی جاری نہیں کیے۔



عالمگیر شیخ کے مطابق وہ اتوار کو اسلام آباد روانہ ہو رہے ہیں اور نگراں وفاقی وزیر داخلہ سے شیڈول ملاقات میں یہ معاملہ اٹھائیں گے،تعطل کا شکار مالی معاملات پر پی ایس بی حکام سے بات چیت کی جائے گی، ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ ایشین کنفیڈریشن آف بلیئرڈ اینڈ اسنوکر نے پاکستان کو میزبان ملک کی حیثیت سے ایشین چیمپئن شپ میں 6 کیوئسٹ کھلانے کی اجازت دیدی، ہم7 کیوئسٹ شامل کرنے کے خواہشمند ہیں، چنانچہ اس ضمن میں کنفیڈریشن کے حتمی جواب تک قومی کھلاڑی ابو صائم کو ریزرو رکھا گیا ہے۔

عالمی چیمپئن محمد آصف براہ راست چیمپئن شپ میں شرکت کے اہل ہیں،38 ویں قومی اسنوکرچیمپئن شپ میں رینکنگ کی بنیاد پر 6کھلاڑیوں قومی چیمپئن حمزہ اکبر،ایشین جونیئر انڈر 21 چیمپئن شپ کے فائنلسٹ محمد ماجد علی، عمران شہزاد،سابق قومی چیمپئن محمد سجاد،عبدالستار، بابر مسیح اور شہزاد آفتاب کو قومی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے،ایونٹ کی تیاری کے سلسلے میں نوید کپاڈیا کی نگرانی میں قومی تربیتی کیمپ پیر سے کراچی میں شروع ہو رہا ہے ۔
Load Next Story