یو ایس کلے کورٹ ٹینس منا کو اور جون اسز سیمی فائنل میں مد مقابل

کوارٹر فائنلز میں دفاعی چیمپئن نے رابی گنیپری کوٹھکانے لگایا،امریکی پلیئر نے ریکارڈیس بیرنکس کو زیرکرلیا.

پولینڈ ویمنز ٹورنامنٹ میں پیٹراکیوٹوا نے فائنل فور میں جگہ بنالی، شحارپیر کا قصہ کوارٹر فائنل میں تمام ہوگیا فوٹو: رائٹرز/فائل

اعزازکا دفاع کرنے والے جوآن مناکو اور جون اسنر یوایس کلے کورٹ ٹینس چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں مدمقابل آگئے۔

کوارٹر فائنلز میں دفاعی چیمپئن ارجنٹائن کے مناکو نے امریکی حریف رابی گنیپری کو 6-1،6-0 سے ٹھکانے لگایا،امریکی پلیئر اسنر نے لتھوینیا کے ریکارڈیس بیرنکس کو 6-3،3-6 اور 6-3 سے قابو کیا، فائنل تک رسائی کا دوسرا معرکہ ٹاپ سیڈ اسپین کے نکولس الماگرو اور امریکی پلیئر ریان ولیمز کے درمیان ہوگا۔

دوسری جانب پولینڈ ویمنز ٹینس ٹورنامنٹ میں جمہوریہ چیک کی پیٹراکیوٹوا نے فائنل فور میں جگہ بنالی، البتہ شحارپیر کا قصہ کوارٹر فائنل میں تمام ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق یوایس کلے کورٹ ٹینس چیمپئن شپ میں دفاعی چیمپئن جوآن مناکو اور جون اسنر کا ٹکرائو اس مرتبہ سیمی فائنل میں ہوگا، گذشتہ برس دونوں پلیئرز فائنل میں مدمقابل آئے تھے، کوارٹر فائنلز میں دفاعی چیمپئن ارجنٹائن کے مناکو نے امریکی حریف رابی گنیپری کو 6-1،6-0 سے ٹھکانے لگایا ، تھرڈ سیڈ مناکو نے امریکن کوالیفائر کو مات دینے میں 56 منٹ صرف کیے۔


انھوں نے میچ جیتنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوارٹر فائنل میں گنیپری کیخلاف میں ابتدا ہی سے اچھا محسوس کررہا تھا، میری سروس بہت عمدہ رہی، ہر گیم کے بعد اعتماد میں اضافہ ہوتا رہا، ہوسکتا ہے کہ یہ دن گنیپری کے لیے اچھا نہ رہا ہو، اس ٹینس کورٹ سے میری اچھی یادیں جڑی ہوئی ہیں، انھوں نے کہاکہ میں اپنے کھیل کا یہ ردھم برقرار رکھتے ہوئے سیمی فائنل میں اسنر کو بھی مات دینے کیلیے پُراعتماد ہوں، وہ اچھا حریف ہے، جس طرح میں نے آج کھیل پیش کیا۔



اگر کل اس سے بہتر پرفارم کرنے میں کامیاب رہا تو اسنر پر بھی قابو پالوں گا، میں پوری توجہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے پر مرکوز کیے ہوئے ہوں، میں اسے کسی طور بھی کھونا نہیں چاہتا، یاد رہے کہ اسنر نے لتھوینیا کے ریکارڈیس بیرنکس کو 6-3،3-6 اور 6-3 سے مات دی تھی۔ دوسرا سیمی فائنل ٹاپ سیڈ نکولس الماگرو اور 144ویں رینک پلیئر ریان ولیمز کے درمیان ہوگا، الماگرو نے اطالوی حریف پائولو لورینزی کو اسٹریٹ سیٹ میں6-4،6-4 سے زیر کیا ۔

جبکہ ریان ولیمز نے ڈھائی گھنٹے کی جدوجہد کے بعد روبن ریمریز ہیلڈیگو کو 7-6 (7/1)، 1-6 اور 6-4 سے پچھاڑا، وہ پہلی مرتبہ اے ٹی پی ایونٹ کے فائنل فور تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے،22 سالہ ولیمز نے پانچ ایسز لگائیں اور سیکنڈ سروس پوائنٹس میں 58 فیصد کامیابی حاصل کی،ان کے حریف کا تناسب39 فیصد رہا۔ دوسری جانب پولینڈ میں جاری کیٹووائس ویمنز ٹینس کے کوارٹر فائنلز میں ٹاپ سیڈ جمہوریہ چیک کی پیٹرا کیوٹوا نے کروشین حریف پیٹرا مارٹک کو 6-3،6-2 سے ہرادیا، شحارپیر کو رومانیہ کی الیگزینڈرا کیڈانٹو نے5-7،6-3 اور 6-3 سے شکست دے کر فائنل فور میں جگہ بنائی۔
Load Next Story