پاکستانی رپورٹ پر آئی سی سی میٹنگ میں غورہوگا

بورڈ آفیشلز دبئی روانہ ہو گئے،کونسل کے دباؤ پر عجلت میں فیصلہ سنایا گیا.

اجلاس میں امپائرز نے قصور نہ مانا،ری ہیبلی ٹیشن پروگرام بنانے کا فیصلہ فوٹو: فائل

KARACHI:
پاکستان نے آئی سی سی کے دباؤ پر عجلت میں امپائرز کیخلاف فیصلہ سنایا، رپورٹ پر منگل سے دبئی میں شروع ہونے والی دو روزہ ایگزیکٹیو بورڈ میٹنگ میں غور کیا جائے گا۔

شرکت کیلیے چیئرمین اور سی او او پی سی بی گذشتہ شب دبئی روانہ ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق امپائرز کرپشن کیس پر تحقیقات کافی عرصے قبل مکمل ہو چکی تھیں تاہم بورڈ کسی اعلان سے گریز کر رہا تھا،ذرائع نے نمائندہ ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ گذشتہ چند روز کے دوران پی سی بی کو اس کیس کے جلد فیصلے کیلیے آئی سی سی کی جانب سے شدید دباؤ کا سامنا تھا۔

اسے ہرحال میں کونسل کی میٹنگ سے قبل کسی حتمی نتیجے پر پہنچنا تھا، اسی لیے ہفتے کو چھٹی کے باوجود تمام اعلیٰ افسران دفتر آئے جہاں دونوں امپائرز کو بلا کر کمیٹی کی سفارشات سے آگاہ کیا گیا، گوکہ انھوں نے تمام الزامات کو غلط قرار دیا مگر دستیاب ثبوت قصور وار قرار دینے کیلیے کافی تھے، انٹیگریٹی کمیٹی میٹنگ کے بعد چیئرمین بورڈ ذکا اشرف چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کے ہمراہ رات گئے دبئی روانہ ہو گئے۔




ذرائع نے مزید بتایا کہ اب منگل اور بدھ کو شیڈول آئی سی سی ایگزیکٹیو بورڈ میٹنگ میں پی سی بی کی جانب سے پیش کردہ رپورٹ پر غور کیا جائے گا، بنگلہ دیش پہلے ہی اپنے امپائر نادر شاہ پر دس سال کی پابندی عائد کر چکا، اب صرف سری لنکا کی جانب سے فیصلہ آنا باقی ہے، یاد رہے انہی تینوں ممالک کے امپائرز بھارتی ٹیلی ویژن چینل کے اسٹنگ آپریشن کی زد میں آئے تھے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ پاکستان نے ندیم غوری اور انیس صدیقی کیلیے ری ہیبلی ٹیشن پروگرام کا بھی فیصلہ کر لیا ہے، اس کے ذریعے ان کے ضمیر کو جگانے کی کوشش کی جائے گی تاکہ آئندہ ایسے کسی جال میں نہ پھنس سکیں۔
Load Next Story