سیلز ٹیکس واجبات کی عدم ادائیگی پر آئیسکو کے بینک اکاونٹس منجمد

عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی گئی، حکم امتناعی کی کاپیاں بینکوں کو بھجوادیں،آئیسکو حکام

آئیسکو حکام کا کہنا ہے کہ ایف بی آر نے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بینک اکاونٹس منجمد کیے ہیں۔ فوٹو: عیسیٰ ملک/فائل

فیڈرل بورڈ ایف ریونیو نے 4.5 ارب روپے کے سیلز ٹیکس واجبات کی عدم ادائیگی پر آئیسکو کے بینک اکاونٹس منجمد کر دیے ہیں اور آئیسکو کے یو بی ایل بینک کے اکاونٹ سے 60 لاکھ روپے زبردستی نکلوالیے ہیں۔

جبکہ آئیسکو حکام کا کہنا ہے کہ ایف بی آر نے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بینک اکاونٹس منجمد کیے ہیں۔ آئیسکو نے تمام بینکوں کو عدالت سے حاصل کردہ حکم امتناعی کی کاپیاں بھجوادی ہیں، تاہم اس بارے میں ایف بی آر کا موقف جاننے کیلیے ایف بی آر کی ترجمان رفعت شاہین قاضی سے موبائل فون پر رابطہ کیا گیا جو انہوں نے اٹینڈ نہیں کیا۔

جبکہ ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے آئیسکو کی طرف سے آزاد جموں و کشمیر کو فراہم کی جانے والی بجلی پر سیلز ٹیکس کی مد میں اور آئیسکو کی طرف سے صارفین کو دی جانے والی سبسڈی پر سیلز ٹیکس کی مد میں ساڑھے چار ارب روپے کے واجبات جمع کروانے کا نوٹس بھجوایا تھا جو کہ آئیسکو نے جمع نہیں کروائے جس کے باعث تمام قانونی تقاضے پورے کرکے ٹیکس قوانین کے تحت بینک اکاونٹس منجمد کیے گئے ہیں جو کہ تاحال بحال نہیں کیے گئے ہیں اور آئیسکو کے لیگل حکام اور ایف بی آر کے لیگل حکام کے درمیان مذاکرات جاری ہیں تاہم کوئی نتجہ نہیں نکلا ہے اور پیر کو حتمی مذاکرات ہونگے۔




جبکہ آئیسکو حکام کا کہنا ہے کہ ایف بی آر نے غیر قانونی طور پر آئیسکو کے بینک اکاونٹس منجمدکیے ہیں کیونکہ حکومت پاکستان نے سال 2003 میں خود حکومت آزاد جمو و کشمیر سے معاہدہ کیا ہے جس کے تحت آزاد جموں و کشمیر کو برآمد کی جانیو الی بجلی کو سیلز ٹیکس سے مُستثنٰی قرار دیا ہوا ہے اور اس بارے میں اسلام آباد ہائیکورٹ بھی آئیسکو کے حق میں فیصلہ دے چُکی ہے جبکہ سبسڈیز پر سیلز ٹیکس کے حوالے سے آئیسکو نے عدالت سے حکم امتناعی حاصل کررکھا ہے مگر اسکے باوجود ایف بی آر نے بینک اکاونٹس منجمد کردیے ہیں جو توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔

آئیسکو حکام کا کہنا ہے کہ اگر بینک اکاونٹس بحال نہ کیے گئے تو اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی و اسکے مضافات میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ بڑھ جائے گی کیونکہ آئیسکو کے پاس اتنے وسائل نہیں ہیں کہ وہ زیادہ دن تک بینک اکاونٹس منجمد رہنے کو برداشت کرسکے اور بجلی کی سُپلائی جاری رکھ سکے علاوہ ازیں آئیسکو حکام کا کہنا ہے کہ عدالتی حکم امتناعی کے باوجود ایف بی آر کی طرف سے آئیسکو کے بینک اکاونٹس منجمد کرنے اور یو بی ایل میں آئیسکو کے اکاونٹس سے زبردستی ساٹھ لاکھ روپے نکلوانے کے اقدام کے خلاف پیر کو عدالت سے رجوع کیا جائیگا اور ایف بی آر کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔
Load Next Story