اسٹیٹ لائف انشورنس کی آمدن8971 ارب روپے ہوگئی

انفرادی بیمہ سے 53ارب91کروڑ روپے کاپریمیئم حاصل،کاروبار میں 20فیصد اضافہ ہوا

شاہد عزیز صدیقی نے کہا کہ اسٹیٹ لائف کا لائف فنڈ2012کے اختتام پر 269ارب روپے سے بڑھ کر315ارب روپے تک جا پہنچا ہے. فوٹو: فائل

اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کی سال2012 کے اختتام پرپریمئیم وسرمایہ کاری کی مد میں آمدنی کی مالیت18فیصدکے اضافے سے 89 ارب71کروڑ روپے کی سطح تک پہنچ گئی ہے۔

جبکہ انفرادی بیمہ زندگی کے تحت53ارب91کروڑ روپے سے زائد کا پریمیئم حاصل کرکے کاروبار میں 20فیصد اضافہ ریکارڈکیا گیاہے، یہ بات اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کے چیئرمین شاہد عزیز صدیقی نے کارپوریشن کے سالانہ مارکیٹنگ کنوینشن سے خطاب کے دوران کہی، انہوں نے بتایا کہ کارپوریشن نے سال2012 میں گروپ اور انفرادی بیمہ زندگی کی پالیسیوں پر بیمہ داروں اور پسماندگان کو مجموعی طور پر 24ارب36کروڑ روپے کے کلیمز ادا کیے جبکہ سال 2011میں کلیمز کی مد میں 19ارب50کروڑ روپے ادا کیے گئے تھے، اس مد میں 25فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا۔

ایک سوال کے جواب میں شاہد عزیز صدیقی نے کہا کہ اسٹیٹ لائف کا لائف فنڈ2012کے اختتام پر 269ارب روپے سے بڑھ کر315ارب روپے تک جا پہنچا ہے جس کی شرح نمو گزشتہ سال کے مقابلے میں 17فیصد زائد رہی۔ادارے کی سرمایہ کاری کی تفصیلات کا ذکرکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کارپوریشن کو 37 ارب31کروڑ روپے سے زائد کی آمدنی ہوئی جبکہ گزشتہ سال یہ آمدنی 30ارب74کروڑ روپے تھی۔ شاہد عزیز صدیقی نے بتایا کہ اسٹیٹ لائف کی سرمایہ کاری کے نتیجہ میں بیمہ داروں کو بونس کی مدمیںخاطر خواہ فوائد پہنچ رہے ہیں۔




انہوں نے بتایاکہ انفرادی بیمہ زندگی کے تحت بیمہ داروں کی تعداد 38لاکھ سے بڑھ کر 44لاکھ ہوگئی ہے جبکہ گروپ اینڈ پینشن کے تحت بیمہ داروں کی تعداد 59لاکھ سے بڑھ کر 79لاکھ تک جاپہنچی ہے، گروپ اینڈ پینشن ڈویژن کی کارکردگی کا حوالہ دیتے انہوں نے بتایا کہ سال2012 میں مجموعی گروپ پریمئیم کی مالیت 60 فیصد کے اضافے سے8ارب روپے ہوگئی، انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ سال2012 میں رئیل اسٹیٹ کی آمدنی 82کروڑ 20لاکھ روپے رہی جبکہ ملک کے مختلف شہروں میں کاروباری اداروں کو جگہ فراہم کرنے کے لیے سرگودہا، سیالکوٹ اور رحیم یار خان میںنئی بلڈنگز کی تعمیر کا کام جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اسٹیٹ لائف مستحکم ترین قومی ادارہ ہے جو ملکی کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کررہا ہے جس کا ثبوت کارپوریشن کے لیے پاکستان کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی (PAKRA)کی جانب سے ''ٹرپل اے'' ریٹنگ ہے، اس موقع پرکارپوریشن کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر مارکیٹنگ محمد اذکار خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کارپوریشن کی تاریخ ساز کامیابیوں اور استحکام میںاس فیلڈ فورس کا کلیدی کردار ہے، سال 2012 میںسینٹرل ریجن نے 5ارب 19کروڑ روپے، ملتان ریجن نے 03ارب 25کروڑ روپے، نادرن ریجن نے2ارب 80کروڑ روپے اور سدرن ریجن نے2ارب 17کروڑ روپے سے زائد کا نیا پریمیئم حاصل کیا۔
Load Next Story