چینی معاشی سست روی اسٹاک مارکیٹس بیٹھ گئیں سونے چاندی کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی

چینی معیشت سے متعلق خدشات، ڈالر کے مقابل یورو ودیگر بڑی کرنسیاں پست۔

سونے کی عالمی قیمت ریکارڈ 136.65 ڈالر فی اونس کم، تولہ پر 3 ہزار روپے گرگئے۔ فوٹو: فائل

دنیا کی فیکٹری چین میں اقتصادی شسرح نمو توقعات کے برعکس 8 فیصد سے کم 7.7 فیصد رہنے پرسرمایہ کاروں میں عالمی معیشت سے متعلق تشویش کی لہر دوڑ گئی جس کی وجہ سے دنیا بھر کی مالیاتی وکموڈیٹی مارکیٹس بیٹھ گئیں جبکہ امریکی ڈالر کے مقابل یورو اور دیگر بڑی کرنسیوں کی قدر میں کمی کا رجحان دیکھا گیا۔

ایشیا اور یورپ سمیت دنیا بھر کی حصص مارکیٹس میں سرمایہ کاروں نے سرمایہ نکالنے کیلیے بڑے پیمانے پر حصص کی فروخت کی جبکہ خام تیل کی قیمتیں بھی 2.76ڈالر فی بیرل تک گرگئیں، سونے کی عالمی قیمت ریکارڈ136.65 ڈالر فی اونس گر گئی۔

چاندی کی قیمت بھی اکتوبر2010کے بعدکم ترین سطح پردیکھی گئی، لندن بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمتیں136.65ڈالر کی کمی سے 1398.85ڈالر فی اونس تک نیچے آگئیں جو مارچ 2011 کے بعد کم ترین سطح ہے، چاندی کی قیمت23.02ڈالرفی اونس رہی جو اکتوبر2010 کے بعد کم ترین سطح ہے، اسی طرح آئل مارکیٹ پر بھی چینی معاشی سست روی کے اثرات نمایاں رہے۔

دوپہر تک لندن میں برینٹ نارتھ سی کروڈ کی قیمت گزشتہ 8ماہ میں پہلی بار 100.02ڈالر فی بیرل تک نیچے آگئی،یہ 13جولائی 2012کے بعد برینٹ کے کم ترین نرخ ہیں بعد میں معمولی بہتری سے بھاؤ100.16ڈالر فی بیرل رہے جو جمعہ سے 2.95ڈالر کم ہیں، نیویارک برانڈ لائٹ سوئٹ کروڈ کی قیمت 3.15 ڈالر گھٹ کر 4ماہ کم نچلی سطح 88.14ڈالر فی بیرل ہوگئے۔

لندن میں سکڈین بروکریج کے سینئرتجزیہ کار میرٹوسوکویو کے مطابق آئل مارکیٹس میں کاروباری ہفتے کا آغاز بھاری نقصان سے ہوا جو تمام منڈیوں میں مندی کے رجحان کی عکاسی ہے جس کی بڑی وجہ چینی گروتھ مارکیٹ توقعات کے برعکس کم رہنا ہے۔




ادھر ایشیائی حصص مارکیٹس میں بھی مندی کا رجحان رہا تاہم اس کی وجہ چینی معاشی سست روی کے علاوہ جنوبی وشمالی کوریا کے درمیان کشیدگی بھی ہے، ٹوکیو کی حصص مارکیٹ1.55 فیصد، ہانگ کانگ 1.43 فیصد، شنگھائی 1.13فیصد، سڈنی 0.91فیصد، سیؤل 0.20 فیصد، سنگاپور0.30فیصد، تائی پے0.74فیصد، منیلا 0.78 فیصد اور جکارتہ کی مارکیٹ 0.86 فیصد گرگئی، لندن کا ایف ٹی ایس ای100انڈیکس1.19 فیصد، فرینکفرٹ کاڈی اے ایکس1.04فیصد اور پیرس کی حصص مارکیٹ میں بنچ مارک سی اے سی1.02 فیصد نیچے آگیا، کرنسی مارکیٹس میں یورو کی قدر 1.3066ڈالر سے کم ہو کر 1.3106ڈالر ہوگئی۔

قیمتی دھاتوں کی بین الاقوامی مارکیٹ میں بحرانی کیفیت کے منفی اثرات پاکستان پر بھی مرتب ہونا شروع ہوگئے ہیں تاہم اس بحران کے نتیجے میں مقامی سطح پر قیمت نمایاں طور پر کم ہونے پرشادی بیاہ والے گھرانے زیادہ خوش ہیں کیونکہ سونا اب ان کی دسترس میں آجائے گا جبکہ صرافہ بازار کے تاجروں کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند یوم کے دوران سونے کی قیمتوں میں متواتر کمی کے باوجود سونے کے تیارزیورات کی فروخت میں مطلوبہ اضافہ نہیں ہوسکا کیونکہ صارفین اب بھی سونے کی قیمتوں میں مزید کمی کے منتظر ہیں۔

چین کی توقعات سے کم معاشی نمو، قبرص کے بعد یورپ کے مرکزی بینکوںکی اپنے سونے کے ذخائر فروخت کرنے کی اطلاعات نے دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جس کے باعث پاکستان کے صرافہ مارکیٹوں میں گزشتہ چارروز کے دوران فی تولہ سونے کی قیمت میں 5600 روپے، فی تولہ چاندی کی قیمت میں100 روپے کی ریکارڈ نوعیت کی کمی ہوئی، صرف پیر کو کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت ریکارڈ3000 روپے کی کمی سے53500 روپے کی سطح پر آگئی جو 30 دسمبر2011 کے بعد کی کمی ترین سطح ہے۔

فی دس گرام سونے کی قیمت2565 روپے کی کمی سے45863 روپے ہوگئی جبکہ فی تولہ چاندی کی قیمت50 روپے کی کمی سے890 روپے اور فی دس گرام چاندی کی قیمت42.86 روپے کی کمی سے762.85 روپے پر آگئی ہے۔ صراف اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے صدر حاجی ہارون چاند کا کہنا ہے بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کمی کا دوسالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے،سونے کی قیمت میں ہوشربا کمی سے مقامی صرافہ مارکیٹ کے سرمایہ کاروں میں گھبراہٹ طاری ہوگئی ہے، آئندہ دنوں میں سونے کی قیمتوں میں مزید کمی کے امکانات ہیں۔
Load Next Story