سیمی فائنلزکے وینیوکی اچانک تبدیلی سے کرکٹرز پریشان

نشریاتی ادارے نے آئی پی ایل میچ کی وجہ سے مقابلے کا وقت بھی تبدیل کرا دیا

نشریاتی ادارے نے آئی پی ایل میچ کی وجہ سے مقابلے کا وقت بھی تبدیل کرا دیا. فوٹو: فائل

پریذیڈنٹ کپ سیمی فائنلزکے وینیو کی اچانک تبدیلی کرکٹرز کیلیے پریشانی کا سبب بن گئی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں شیڈول مقابلے نیشنل اسٹیڈیم کراچی منتقل کیے جانے کے بعد کئی کھلاڑیوں کے آرام کا وقت سفر کی صعوبتوں میں برباد ہوگیا، وسائل رکھنے والوں نے آمدو رفت کیلیے ہوائی سفر کا انتخاب کرکے آسانی پیدا کرلی، ٹرین کے ذریعے آنے والے مقابلوں سے قبل تھکاوٹ دور کرنے کے حربے آزمائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں بیک وقت شروع ہونے والے پریذیڈنٹ کپ کے سیمی فائنلز 16اور 17اپریل جبکہ فائنل 19 تاریخ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں شیڈول کیا گیا تھا،گروپ مقابلوں کے آخری روز فائنل فور ٹیموں کا تعین ہوتے ہی نشریاتی ادارے نے اپنی انتظامی سہولیات کو دیکھتے ہوئے مطالبہ کیا کہ مقابلے کراچی منتقل کردیے جائیں، پاکستان کرکٹ بورڈ نے سر تسلیم خم کرتے ہوئے کھلاڑیوں کی مشکلات کو خاطر میں لائے بغیر وینیو کی تبدیلی کا فیصلہ کرلیا، اعلان بھی رات کو خاصی تاخیر سے ہوا۔




اس دوران فائنل فور ٹیموں کے کئی پلیئرز اس سوچ کے ساتھ گھروں کو واپس روانہ ہو چکے تھے کہ وہاں سے آئندہ میچ کھیلنے کیلیے قذافی اسٹیڈیم تک پہنچنا آسان ہوگا، ایونٹ کے دوران بھی گرم موسم اور مختلف شہروں میں شیڈول مقابلوں کیلیے سفر میں رہنے والے کرکٹرز نے اچانک وینیو کی تبدیلی پر ناگواری کا اظہار کیا۔

انھوں نے کہا کہ پہلے بھی کھیل سے زیادہ سفری مسائل میں الجھے رہے اب ایک بار پھر آنے جانے میں وقت کی بربادی ہوئی، وسائل رکھنے والوں نے آمدو رفت کیلیے ہوائی سفر کا انتخاب کرکے اپنے مسائل میںکسی حد تک کمی کرلی، ریل گاڑی کے ذریعے آنے والے مقابلوں سے قبل تھکاوٹ دور کرنے کیلیے مختلف حربے آزمانے کی کوشش ہی کرسکتے ہیں۔

دوسری طرف نشریاتی ادارے نے وینیو کے بعد میچز کا وقت بھی تبدیل کرادیا،اب میچ صبح ساڑھے8 بجے شروع ہونگے، ذرائع کے مطابق براڈ کاسٹنگ کمپنی کو نشریات جلد مکمل کرکے آئی پی ایل بھی دکھانے کی پریشانی لاحق تھی جسے دور کرنے کیلیے کرکٹرز کو جلد میدان میں اترنے کا پابند کیا گیا،کئی کھلاڑی رات گئے تک وقت کی تبدیلی سے بھی آگاہ نہیں تھے۔
Load Next Story