مالیاتی و کموڈیٹی منڈیوں پر دباؤ برقرار سونے کی قیمتوں میں ریکوری

سونا پھرسے بڑھ کر 1391 ڈالر فی اونس ہو گیا، ڈالر مزید مضبوط، سرمایہ کار عالمی معیشت سے متعلق تشویش میں مبتلا ہیں

یورپی برانڈ خام تیل کی قیمتیں جولائی2012 کے بعدپہلی بار100ڈالرفی بیرل کی سطح سے نیچے آگئیں جبکہ سونے کی قیمتوں میں اضافہ دیکھاگیا۔ فوٹو: فائل

عالمی اقتصادی بحالی سے متعلق خدشات کے باعث منگل کو دوسرے روز بھی یورپی حصص مارکیٹس میں مندی کا رجحان رہا تاہم ایشیا کی بعض مارکیٹس میں ریکوری دیکھی گئی۔

یورپی برانڈ خام تیل کی قیمتیں جولائی2012 کے بعدپہلی بار100ڈالرفی بیرل کی سطح سے نیچے آگئیں جبکہ سونے کی قیمتوں میں اضافہ دیکھاگیا جبکہ ڈالر کی مضبوطی کا سفر بھی جاری رہا۔ یورپی حصص مارکیٹس میں سرمایہ کاروں نے رسکی ایسیٹس کی فروخت منگل کو بھی جاری رکھی، دوپہر تک لندن کا ایف ٹی ایس ای 100 انڈیکس 0.21 فیصد، پیرس کا سی اے سی 40انڈیکس 0.23 فیصد کم اور فرینکفرٹ کا ڈی اے ایکس 30 انڈیکس منجمد رہا، ایشیا میں ٹوکیو 0.41 فیصد، سڈنی 0.34 فیصد اور ہانگ کانگ کی مارکیٹ 0.46فیصد نیچے آ گئی۔

سیئول کی مارکیٹ پرانی سطح پر برقرار جبکہ شنگھائی میں شیئر پرائسز 0.59 فیصد بڑھ گئیں، سنگاپور، تائی پے، جکارتہ، کوالالمپور اورممبئی میں تیزی جبکہ ویلنگٹن اور منیلا کی مارکیٹس میںمندی رہی۔ کرنسی ڈیلرز کے مطابق موجودہ صورتحال سے دیگرکرنسیوں کے مقابل ڈالر کے بطور محفوظ اثاثہ تصور کو تقویت ملی، جاپانی کرنسی کے مقابل ڈالر96.72 سے بڑھ کر 97.99 ین کا ہو گیا، امریکا میں دہشت گرد حملے کے بعد بڑے شہروں میں ہائی الرٹ کے باعث سرمایہ کاروں نے سونے اور خام تیل سے سرمایہ نکالا تاہم منگل کو سونے کی قیمتوں میں بہتری آئی۔




لندن بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت پیر کو 30 سال کی کم ترین سطح1321.95ڈالر کی سطح تک گرنے کے بعد منگل کو پھر سے 1391.10 ڈالر فی اونس پرپہنچ گئی، قیمتوں میں تیزی سے کمی کے باعث سونے کے زیورات کی خریداری میں اضافہ ہوا، ہانگ کانگ اور بھارت میں جیولرز کی دکان پر ہجوم دیکھا گیا تاہم خریدار قیمتوں میں مزید کمی کے امکانات پر محتاط دکھائی دیے۔ ادھر ایشیائی ٹریڈنگ میں برینٹ آئل کی قیمت 98 ڈالر فی بیرل تک گرگئی جو 11 جولائی 2012 کے بعد اس کی کم ترین سطح ہے۔

نیویارک مین کنٹریکٹ کی قیمت 86.06ڈالر فی بیرل پرآگئی جو دسمبر کے وسط میں دیکھی گئی تھی، بعد میں برینٹ کی قیمت 99.77 ڈالر اور لائٹ سوئٹ کی 88.29ڈالر فی بیرل رہی جو پیر کے مقابلے میں بالترتیب 86 اور 42 سینٹ کم ہے۔ مارکیٹ ڈیلرز کا کہنا ہے کہ سرمایہ کار امریکی و چینی معیشت سے متعلق مایوس کن اعدادوشمار، شمالی و جنوبی کوریا میں کشیدگی، بوسٹن میں بم دھماکے اور قبرص کی جانب سے سونے کی فروخت کے امکانات پر تشویش میں مبتلاہوئے جس کی وجہ سے تمام مالیاتی و کموڈیٹی مارکیٹس میں فروخت اور مندی کا رجحان دیکھا گیا۔
Load Next Story