دورہ یورپ کیلیے جونیئر ہاکی کیمپ کا آج دوبارہ آغاز

فٹنس کی بہتری کے لیے خصوصی مشقیں کرائی جارہی ہیں، ڈاکٹر اسد عباس

فٹنس کی بہتری کے لیے خصوصی مشقیں کرائی جارہی ہیں، ڈاکٹر اسد عباس. فوٹو: فائل

دورۂ یورپ کے لیے قومی جونیئر ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ ایک روزآرام کے بعد بدھ سے دوبارہ شروع ہوگا۔

نیشنل اسٹیڈیم لاہور میں جاری کیمپ کے دوران پلیئرز کی فٹنس بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے، ٹریننگ کے لیے خصوصی طور پر طلب 5 نئے گول کیپرز بھی مخصوص ڈرلز کے ذریعے صلاحیتوں میں نکھار لانے کے لیے کوشاں ہیں۔ دریں اثنا ٹرینر ڈاکٹر اسد عباس کا کہنا ہے کہ اب ہاکی کا کھیل بالکل تبدیل ہوچکا، یورپیئن ممالک نے تیز ہاکی کھیلنے کا انداز اپنا لیا۔




ہمیں بھی اس معیار پر پورا اترنے کے لیے سخت محنت کرنا ہوگی۔ نمائندہ ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ انٹرنیشنل ہاکی میں اب کھلاڑی کو صرف7 منٹ کے لیے میدان میں اتارا جاتا ہے، وہ مختصر وقت میں سخت جان لڑاتے ہوئے ٹیم کے لیے گول کے مواقع بناتا ہے، مغربی ٹیموں کی بہتر پرفارمنس کا راز بھی یہی ہے۔

ہم بھی کیمپ میں ایسی کی مہارت کے حصول کے لیے کوشاں ہیں۔ واضح رہے کہ کیمپ میں5 نئے گول کیپرز کو خصوصی طور پر طلب کیا گیا ہے، ان میں سرگودھا سے محمد ساجد، ٹوبہ ٹیک سنگھ کے مظہر عباس، سیالکوٹ سے طلال خالد، شیخوپورہ کے امین یوسف اور پیر محل سے امجد علی شامل ہیں۔ جونیئر ہاکی ٹیم دورئہ یورپ کا یکم جون سے آغاز کرے گی، گرین شرٹس بیلجیئم ، ہالینڈ اوربعدازاں جرمنی کے خلاف سیریز میں حصہ لیں گے۔
Load Next Story