سیکیورٹی خدشات بھرپور انتخابی سرگرمیوں میں رکاوٹ بن گئے

سیاسی جماعتوں کے امیدوار آزاد امیدوار کی طرح مہم چلانے پر مجبور،کارنر میٹنگز کے ذریعے پارٹی پیغام پہنچائے جارہے ہیں.

کسی بڑی سیاسی جماعت کا جلسہ منعقد ہوا نہ ہی کوئی اعلان کیا گیا،ناقص امن نے تمام پارٹیوں کو بھرپورانتخابی مہم سے روک دیا۔ فوٹو: فائل

کراچی میں امن و امان کی مخدوش صورتحال اور سیاسی جماعتوں کے سیکیورٹی خدشات کے باعث شہر میں انتخابی مہم بھرپور طریقے سے شروع نہ ہوسکی اور شہر میں انتخابات کے حوالے سے زیادہ گہما گہمی دیکھنے میں نہیں آرہی۔

شہر کے سروے کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ 2002 اور 2008 کے انتخابات میں کراچی میں عام انتخابات کے موقع پر تمام سیاسی جماعتیں بھرپور انداز میں انتخابی مہم آزادانہ طریقے سے چلارہی تھیں تاہم 2013 کا انتخاب جو11مئی کو منعقد ہوگا میں صرف 24 دن رہ گئے ہیں تاہم عروس البلاد کی تاریخ میں پہلی بار الیکشن کے موقع پر بھرپور انتخابی سرگرمیوں کا آغاز نہیں ہوسکا۔

کراچی کی قومی اسمبلی کی20 اور سندھ اسمبلی کی42 نشستوں پر ایم کیو ایم، پیپلزپارٹی، جماعت اسلامی ،اے این پی ،سنی تحریک، جمعیت علمائے اسلام (ف)، جمعیت علما پاکستان، متحدہ دینی محاذ، مسلم لیگ (ن)، مسلم لیگ (فنکشنل)،تحریک انصاف سمیت دیگر جماعتوں اور آزاد امیدواروں کی بڑی تعداد انتخابی میدان میں تو موجود ہے تاہم شہر میں امن و امان کی ناقص صورتحال سیاسی جماعتوں کو لاحق سیکیورٹی کے خدشات کے باعث انتخابی سرگرمیاں دیکھنے میں نہیں آرہی ہیں اور اب تک کسی بڑی سیاسی جماعت نے سیاسی جلسہ منعقد کیا اور نہ ہی جلسوں کے حوالے سے کوئی شیڈول جاری کیا ہے۔




اہم سیاسی اور معروف جماعتوں کے امیدوار بھی آزاد امیدواروں کی طرح گھر گھر جاکر انتخابی مہم چلارہے ہیں،شہر کے مختلف علاقوں میں کارنرمیٹنگز منعقد ہورہی ہیں تاہم ان کی تعداد بھی نہ ہونے کے برابر ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ کراچی کی تاریخ کے پہلے عام انتخابات ہیں جس میں انتخابی ماحول دیکھنے میں نہیں آرہا، بھرپور انتخابی سرگرمیاں نہ ہونے سے اس سے وابستہ معاشی سرگرمیاں بھی کم ہیں۔

ماضی میں انتخابی مہم کے دوران لاکھوں افراد کو عارضی طور پر روزگار مہیا ہوتا تھا تاہم اس بار یہ صورتحال قدرے مختلف ہے، سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ 20 اپریل کے بعد جب امیدواروں کا حتمی اعلان ہوگا تو بھرپور انتخابی مہم چلائی جائے گی،تاہم یہ انتخابی مہم صرف 17یا 18دن جاری رہے گی۔
Load Next Story