نوجوانوں کی الیکشن مہم میں دلچسپی بڑھ گئی پولنگ کے دن کا انتظار

ریلیوں میں شرکت کیلیےگاڑیوں کی سجاوٹ شروع،شہر کی گلیوں، ہوٹلوں پربیٹھےنوجوانوں کاموضوع بحث سیاست بن گیا،ایکسپریس سروے.

ڈاکٹرضیا الدین روڈ پر الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹ ڈالنے سے متعلق بینر آویزاں کیا گیا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

عام انتخابات کیلیے جہاں سیاسی جماعتوں کی تیاریاں عروج پر ہیں وہیں نوجوان نسل بھی انتخاب 2013 میں دلچسپی لے رہے ہیں۔

نوجوان موبائل فونز اورسوشل میڈیا کے ذریعے الیکشن کے حوالے سے بھرپور رائے دے رہے ہیں اور ووٹ ڈالنے کیلیے بھی تیار ہیں، فیس بک ، ٹویٹر کے ساتھ ساتھ دیگر سماجی رابطے کی ویب سائٹس اور موبائل فونز کے ذریعے اپنی پسندیدہ سیاسی جماعتوں کی سپورٹ میں مصروف ہیں، بہت سے نوجوانوں نے اپنی گاڑیوں پر من پسند سیاسی جماعتوں کے جھنڈے اور انتخابی نشان اور رہنمائوں کے اسٹیکرز لگالیے ہیں جبکہ کئی نوجوان الیکشن کے دن اپنی گاڑیوں کو سیاسی جماعتوں کے جھنڈوں کے رنگ سے سجانے کیلیے ڈینٹروں سے رابطے کر رہے ہیں۔

شہر کی گلیوں، ہوٹلوں اور دیگر مقامات پر بیٹھے نوجوانوں کی بڑی تعداد سیاست اور الیکشن پر بحث کرتی دکھائی دیتی ہے جبکہ بہت سے نوجوانوں نے ریلیوں میں شرکت کیلیے موٹرسائیکلیں بھی سجائی ہیں، انتخابات میں گہری دلچسپی لینے والے نوجوانوں کی عمر 18سے 24 سال کے درمیان ہے اور زیادہ تر نوجوان پہلی مرتبہ ووٹ کاسٹ کریں گے یہ نوجوان اپنے موبائل فونز کے ساتھ ساتھ فیس بک، ٹویٹر، گوگل سمیت دیگر سماجی ویب سائٹس کے ذریعے اپنی سیاسی جماعتوں کی حمایت کرتے ہوئے نوجوان اپنی مخالف جماعتوں کے رہنمائوں کی کردارکشی اور تضحیک آمیز تصاویر، کارٹون اور چٹکلے پوسٹ کررہے ہیں۔


 



گلشن اقبال سے تعلق رکھنے والے نوجوان نعمان حسین اور جنید رفیق نے بتایا کہ وہ پہلی بار ووٹ کاسٹ کریں گے، فیس بک اکائونٹس میں اپنی پسندیدہ سیاسی جماعت کا منشور اور رہنمائوں کی تصاویر پوسٹ کی ہیں، نارتھ کراچی کے مظہر علی نے بتایا کہ فیس بک اکائونٹ کے ذریعے پسندیدہ جماعت کی حمایت میں تصاویر اور انتخابی نشان کی تصاویر پوسٹ کر رہے ہیں اور ساتھ ساتھ اس پوسٹ پر آنیوالے کمنٹس کے جواب بھی تحریر کر رہے ہیں،دوست ویب سائٹس اور موبائل میسجز کے ذریعے پسندیدہ سیاسی جماعت کو سپورٹ کر رہے ہیں اور دیگر لوگوں کو بھی اپنی جماعت کو ووٹ دینے کیلیے راغب کر رہے ہیں۔

اورنگی ٹائون کے نوجوان، جان شیر، کاشف، عادل، عارف، رضوان نے بتایا کہ وہ اپنے حلقے سے کھڑے ہونیوالے امیدوار کی الیکشن مہم میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں اور انتخابی نشان کے ماڈل بنانے میں بھی مصروف ہیں،ڈیفنس کے رہائشی ابوبکر، معاذ، حسن، حسام اور شبیر نے بتایا کہ پہلی بار ووٹ کاسٹ کریں گے ووٹنگ لسٹ میں نام کی تصدیق بھی کرلی تھی،کورنگی کے رہائشی نوید، رضوان اور مصطفی نے بتایا کہ وہ اپنے فیس بک اکائونٹ پر روزانہ اپنی حمایت یافتہ تنظیم کے رہنمائوں کی تصاویر پوسٹ کررہے ہیں اور ساتھ ساتھ تنظیم کے قائد کی تقاریر کی ویڈیو اور تنظیمی ترانے بھی پوسٹ کر رہے ہیں۔
Load Next Story