منفرد کرداروں کی اہمیت ہے ہر آفر قبول نہیں کرسکتی ایمان علی

بالی وڈ پراجیکٹ میں کام نہیں کررہی، کردار میں حقیقت کے رنگ بھرنے کے لیے محنت کرتی ہوں

پاکستانی ڈیزائنرز کے کام کوبہت سراہا جارہا ہے، بہت محتاط انداز سے کام کرنے کی عادی ہوں،ماڈل اور اداکارہ کی ایکسپریس سے گفتگو۔ فوٹو: فائل

پاکستان فیشن انڈسٹری کی سُپرماڈل اورمعروف اداکارہ ایمان علی نے کہا ہے کہ ہر آفرقبول کرنا میرے بس کی بات نہیں،اور نہ ایسا کرسکتی ہوں، میرے نزدیک منفرد کرداروں کی اہمیت ہے۔

جس کردار میں پرفارمنس کا موقع ملے اس میں حقیقت کے رنگ بھرنے کے لیے محنت کرتی ہوں۔ جہاں تک بات فیشن انڈسٹری میں کم نظرآنے کی ہے توجب ٹائم تھا ریمپ پرواک کرتی دکھائی دیتی تھی اب میری مصروفیات ٹی وی کمرشلزاوردوسرے پراجیکٹس پرمرکوزہیں۔انتخابات میں حصہ لینے کا کوئی ارادہ نہیں لیکن پاکستان تحریک انصاف کی بہت بڑی سپورٹرہوں۔ ان خیالات کااظہارایمان علی نے ایک ملاقات کے دوران ''ایکسپریس'' کوخصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ ایمان علی کا کہنا تھا کہ مجھے ان دنوں بہت سی فلموں میں اہم کرداروںکی آفرہورہی ہے لیکن میں ہرفلم کو سائن نہیں کرسکتی۔

میں بہت محتاط انداز سے کام کرنے کی عادی ہوں اوربہت سوچ سمجھ کر کوئی پراجیکٹ سائن کرتی ہوں۔ مگرمیرے قریبی جاننے والے اکثر آگاہ کرتے ہیں کہ میڈیا میںخبریں گردش کررہی ہیں کہ میں نے بالی وڈ فلم سائن کرلی ہے اورمیں اس میں کوئی انوکھاکردارادا کرونگی ؟ تویہ سب کچھ جان کر بہت افسوس ہوتا ہے۔ میں کسی بالی وڈ پراجیکٹ میں کام نہیں کررہی۔ ایک آفرمجھے ضرور ہوئی تھی لیکن میں نے فلم کی کہانی اوراپنا کردار جاننے کے بعد معذرت کرلی تھی۔ ان دنوں ایک شارٹ فلم کے لیے میں مجھے اہم کردار آفرہوا ہے جس کے معاملات طے کرنے کے لیے کراچی جائونگی۔ یہ فلم بین الاقوامی فلم فیسٹیول کے لیے تیارکی جارہی ہے اوریہ ایک اہم موضوع پر بنائی جائے گی۔

اس فلم میں اپنے کردار اور کہانی کے بارے میں فی الحال کچھ نہیں بتا سکتی مگراس کے معاملات طے ہوجانے پرمیڈیا کو آگاہ کرونگی۔ میرا تعلق شوبز انڈسٹری سے ہے اورمجھے ماڈلنگ اوراداکاری کے لیے آفرز کا سلسلہ جاری رہتاہے لیکن اس کا یہ قطعی مقصد نہیں ہے کہ میں ہر پراجیکٹ میں کام کرنے کے لیے تیارہوجاتی ہوں۔ ہر انسان کی زندگی میں کچھ قوائد وضوابط ہوتے ہیں جن کے تحت وہ اپنی نجی اورعملی زندگی گزارتا ہے۔ میں بھی اس کے مطابق ہی زندگی گزارتی ہوں۔ کچھ عرصہ قبل تک بالی وڈ فلموں کے معروف ہدایتکارامتیازعلی کی فلم کے حوالے سے خبریں سامنے آئیں تومیں لوگوں کو بتاناچاہتی ہوں کہ میں نے امتیازعلی کی کوئی فلم سائن نہیں کی ہے۔ اگرمیں بالی وڈ میں کوئی فلم سائن کرونگی تواس کے لیے ان کی شرائط نہیں بلکہ انہیں میری شرائط ماننا ہونگی۔




 

انھوں نے کہا کہ پاکستان فیشن انڈسٹری میں نوجوان اورپڑھے لکھے ڈیزائنرکی آمد سے ہم بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کررہے ہیں۔ ہمارے بہت سے معروف ڈیزائنرز اس وقت بین الاقوامی معیار کے عین مطابق ڈیزائن تیارکررہے ہیں جس کی وجہ سے یورپ، مڈل ایسٹ اور بھارت میں پاکستانی ڈیزائنرز کے کام کوبہت سراہا جارہا ہے۔ یہ بہت خوش آئند بات ہے۔ اسی طرح ماڈلنگ کے شعبے میں بھی خوبصورت اورپڑھے لکھے لوگ آرہے ہیں جن کی وجہ سے پاکستان فیشن انڈسٹری کا مستقبل روشن دکھائی دیتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ایمان علی نے کہا کہ کسی سیاسی جماعت سے وابستگی نہیں ہے اورنہ ہی سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ ہے۔ سیاست میں آنے کے لیے کروڑوں، اربوں روپے جن کے پاس ہوتے ہیں وہیں سیاست میں آتے ہیں۔

جن فنکاروں کے پاس کروڑوں روپے ہیں وہ سیاست میں حصہ لے رہے ہیں۔ نا ہی میرے پاس اربوں، کروڑوں روپے ہیں اورنہ ہی میں سیاست میں آنا چاہتی ہوں۔ البتہ ہمیں تبدیلی ضرورت ہے اوراس وقت عمران خان واحد سیاستدان ہیں جو تبدیلی لاسکتے ہیں۔ میں اپنا ووٹ عمران خان کو دونگی بلکہ لوگوںکو بھی اس حوالے مشورہ دونگی کہ وہ تبدیلی کے لیے ووٹ کاسٹ کریں۔ پاکستان کے موجودہ معاشی حالات اس قدر بگڑ چکے ہیں کہ عوام کے مسائل بڑھتے چلے جارہے ہیں۔

ایسے میں ہمیں ایک ایسی سیاسی قیادت کی ضرورت ہے جوملک کوبحران سے باہرنکالے اورعوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرے۔واضح رہے ایمان علی نے اپنے فنی کیرئیر کا آغاز ماڈلنگ سے کیا ، جہاں اپنی محنت اورپرفارمنس کے ذریعے مختصر عرصہ میں ہی اس کا شمار بین الاقوامی معیار کی ماڈلز میں ہونے لگا۔ بعدازاں اداکاری کے میدان میں جب آئیں اس کی ابھی تک دو فلمیں ریلیز ہوئیں جس میں اس کی کردارنگاری کو دیکھتے ہوئے ناقدین بھی تعریف کرنے پر مجبور ہوگئے ۔ان دنوں اداکارہ وہدایتکار زیبا بختیار کی فلم میں کام کر رہی ہیں جس میں ان کے مقابل شان ہیرو کا کردار نبھا رہے ہیں۔
Load Next Story