ٹھٹھہ پیپلز پارٹی کا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے اویس مظفر

پی ایس 88 کے آزاد امیدوار بشیر احمد مرکھیانی کا اویس مظفر کے حق میں ریٹائرمنٹ کا اعلان

سید اویس مظفر نے کہا کہ ٹھٹھہ کے پسماندہ علاقوں کو ترقی دینگے، کسی ظالم اور جابر کو ٹھٹھہ کے عوام کے حقوق غضب نہیں کرنے دینگے۔ فوٹو: فائل

لاہور:
سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 88 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار اویس مظفر نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے رہنمائوں کا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے ۔

عام انتخابات میں عوام ثابت کردیں گے کہ ان کا بھی پیپلز پارٹی کے ساتھ اٹوٹ رشتہ ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو ٹھٹھہ کی مختلف برادریوں کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کے موقع پر کہی۔ مختلف برادریوں نے اویس مظفر کے اعزاز میں استقبالیہ دیا اس موقع پر زندہ ہے بھٹو زندہ ہے ، زندہ ہے بی بی زندہ ہے کے نعرے لگائے جبکہ پی ایس 88 سے آزاد امیدوار بشیر احمد مرکھیانی نے اویس مظفر کے حق میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا جبکہ خاصخیلی ، اوٹھو، دل اور رند برادریوں کے معززین نے شیرازی گروپ سے لاتعلقی ظاہر کرتے ہوئے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔

سید اویس مظفر نے کہا کہ ٹھٹھہ کے پسماندہ علاقوں کو ترقی دینگے۔ کسی ظالم اور جابر کو ٹھٹھہ کے عوام کے حقوق غضب نہیں کرنے دینگے ۔ مکلی کے مقام پر ''بختاور ہائوس'' قائم کیا جائیگا، جہاں عوام کے مسائل روزانہ کی بنیاد پر حل کیے جائینگے ۔ اس موقع پر اوٹھو برادری کے محمد امین اوٹھو ، اللہ ڈنو اوٹھو ، عبدالکریم اوٹھو ، عبدالمجید اوٹھو ، عبدالرزاق اوٹھو ، رند برادری کے الٰہی بخش رند ، گل محمد رند ، رئیس محمد رند ، دل برادری کے وڈیرہ محمد دل اور دیگر نے اپنی برادریوں اور ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔




اویس مظفر نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید رانی محترمہ بے نظیر بھٹو کے فلسفے کے تحت غریبوں ، مزدوروں ، ہاریوں اور پسے ہوئے طبقے کی خدمت کو اپنا فرض سمجھتے ہیں ۔ ٹھٹھہ کے عوام کسی ظالم سے خوفزدہ نہ ہوں، پیپلز پارٹی ہر کارکن کے ساتھ کھڑی ہے اور ٹھٹھہ کے عوام کی داد رسی کیلیے ہی مکلی کے مقام پر بختاور ہاؤس کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے ۔ دریں اثنا میرپور ساکرو میں سسی پلیجو کی رہائش گاہ پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے اویس مظفر نے کہا کہ پیپلز پارٹی ضلع ٹھٹھہ کے علاوہ پورے ملک میں کامیابی حاصل کریگی، پیپلز پارٹی نے لوگوں کو جینے کا ڈھنگ سکھایا۔

انھوں نے کہا کہ 11مئی کے الیکشن میں پیپلز پارٹی کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے مخالفین کی نیندیں اڑ گئی ہیں۔ ہم اقتدار میں آکر ٹھٹھہ کو ایسا مثالی ضلع بنا دیں گے کہ ہر گھر میں خوشحالی ہو گی، ٹھٹھہ دوسرا پیرس بن جائے گا اور لاکھوں لوگوں کے لیے روزگار کے دروازے کھل جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ میرا مشن عوام کی خدمت ہے، مخالفین غلط پروپیگنڈا کررہے ہیں مگر عوام کی محبتیں مجھے ان سے جدا نہیں کر سکتیں۔ اس موقع پر سابقہ صوبائی وزیر اور پی ایس 85 کی امیدوار سسی پلیجو اور غلام قادر پلیجو نے انہیں اجرک کا تحفہ دیا۔
Load Next Story