ہدف سے کم ٹیکس وصولیاں ایف بی آر نے افسران کو الاؤنس روکنے کی وارننگ دیدی

اہداف حاصل نہیں ہوئے،کارکردگی مایوس کن ہے،کسی فورم پر دفاع ممکن نہیں، چیف کمشنرزوکمشنرزان لینڈ ریونیوکوخط

ماہانہ اہداف کیلیے قابل عمل حکمت عملی اپنائی جائے ورنہ پرفارمنس الاؤنس نہیں ملے گا،جولائی تامارچ وصولیوں پراظہارتشویش فوٹو: فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے رواں مالی سال کی آخری سہ ماہی تک کے ٹیکس وصولیوں کے ماہانہ اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہنے والے چیف کمشنرز اور کمشنرز ان لینڈ ریونیو کا بنیادی تنخواہ کے برابر 100 فیصد الاؤنس ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایف بی آر کے سینئر افسر نے بتایا کہ ایف بی آر نے ٹیکس وصولیوں کے اہداف میں ناکام رہنے والے تمام چیف کمشنرز اور کمشنرز ان لینڈ ریونیو کو لیٹر جاری کردیے ہیں جن میں چیف کمشنرز کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگاتے ہوئے رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ (جولائی تامارچ) کی ٹیکس وصولیوں کو انتہائی تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

جبکہ ''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے جولائی تا مارچ2013 کے دوران چیف کمشنرز و کمشنرز ان لینڈ ریونیو اور دیگر فیلڈ فارمشنز کی کارکردگی کو انتہائی مایوس کن قرار دیا اور شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹری اہداف کی پوزیشن قابل نفرت اور مایوس کن ہے۔




لیٹر میں چیف کمشنرز و کمشنرز سے کہا گیاکہ انہوں نے نہ صرف رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ کے دوران ٹیکس وصولیوں کے اہداف حاصل نہیں کیے بلکہ گزشتہ مالی سال کے دوران مارچ تک ہونے والی وصولیوں سے بھی کم وصولیاں کی ہیں، یہ ٹیکس وصولیاں کسی بھی فورم پر قابل دفاع نہیں ہیں۔ لیٹر میں تمام چیف کمشنرز و کمشنرز ان لینڈ ریونیو کو ہدایت کی گئی ہے کہ اپریل، مئی اور جون کے لیے ٹیکس وصولیوں کے اہداف کے حصول اور ریونیو بڑھانے کے لیے قابل عمل حکمت عملی اپنائی جائے تاکہ انکم ٹیکس۔

سیلز ٹیکس سمیت دیگر ٹیکسوں کے تمام اہداف حاصل کیے جاسکیں اور اس میں کسی قسم کی کمی بیشی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔ لیٹر میں تمام فیلڈ فارمشنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ رواں سہ ماہی (اپریل تا جون) تک کے تمام ماہانہ اہداف ہر صورت حاصل کیے جائیں، جو چیف کمشنر و کمشنر رواں سہہ ماہی کیلیے ٹیکس وصولیوں کے ماہانہ اہداف حاصل کرنے میں ناکام ہوگا اس کو بنیادی تنخواہ کے 100 فیصد کے برابر ملنے والاپرفارمنس الاؤنس واپس لے لیا جائے گا۔
Load Next Story