ڈاکٹر عافیہ سے متعلق نعمت اللہ کے بیان سے ورکرز کو صدمہ پہنچا

منور حسن بتائیں کہ بیان جماعت اسلامی کی پالیسی ہے یا نعمت اللہ نے اپنے طور پر دیا.

ڈاکٹر عافیہ صدیقی اس وقت اغوا ہوئیں جب نعمت اللہ میئر کراچی تھے، الطاف شکور. فوٹو: فائل

پاسبان پاکستان کے صدر الطاف شکور نے سابق میئرکراچی اور جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما نعمت اللہ خان ایڈوکیٹ کے اس بیان پر کہ ''عافیہ کبھی واپس نہیں آسکتی اور ڈاکٹر فوزیہ جنرل پرویز مشرف کے مقابلے میں نہیں میرے مقابلے میں کھڑی ہوئی ہیں ''پر رد عمل ظاہرکرتے ہوئے اظہار افسوس کیا ہے اور امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن سے دریا فت کیا ہے کہ نعمت اللہ خان کا یہ بیان جماعت اسلامی کی پالیسی ہے یا اپنے طور پر دیا گیا بیان ہے۔

کیونکہ نعمت اللہ کے بیان سے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی اور امریکہ کے مظالم و ناانصافیوں کے خلاف ملک بھر میں سرگرم عمل اور دنیا بھر میں جدوجہد کرنے والے ہزاروں نظریاتی ورکرز کو صدمہ پہنچاہے، ایک بڑے مقصد کے لئے ایک معمولی سی سیٹ کی قربانی دینے کا موقع آیا تو یہاں پر قومی مفادات کی نگہبانی کی سیاست کو اختیار کرنے کے بجائے پس پشت ڈال دیا گیا،الطاف شکور نے کہا کہ یہ بات ناقابل فراموش ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی اس وقت اغوا ہوئی جب نعمت اللہ خان میئر کراچی تھے، درحقیقت وہ کراچی کی ایک ایک بیٹی کی عزت و آبرو کے محافظ تھے۔




نعمت اللہ خان کا مقام و مرتبہ اور بزرگی لائق احترام ہے لیکن انھیں اُس وقت سے لیکر آج تک کیا عافیہ کی چیخیں سنائی نہیں دیں اور انھیں مورخ کو یہ بھی بتانا چاہیے کہ بحیثیت میئرکراچی انھوں نے عافیہ کے لیے کیا کچھ کیا۔
Load Next Story