شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئیں نگراں وزیر اعلیٰٰٰ

انتخابات ہر قیمت پر وقت پر ہونگے،ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جائے،جسٹس (ر) زاہد قربان علوی

انتخابات ہر قیمت پر وقت پر ہونگے،ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جائے،جسٹس (ر) زاہد قربان علوی۔ فوٹو: فائل

نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) زاہد قربان علوی نے کہا کہ عام انتخابات ہر قیمت پر وقت پر ہونگے اور انتخابات کے صاف و شفاف اور غیر جانبدارانہ انعقاد کو یقینی بنانے کے سلسلے میں تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں۔

انھوں نے یہ باتیں وزیراعلیٰ ہائوس میں قونصل جنرلز، تاجربرادری، فنون لطیفہ سے تعلق رکھنے والے افراد، سینئر بیوروکریٹس ، سینئر جرنلسٹس اور دیگر معززین شہر کے اعزاز میں دی گئی تقریب کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی، تقریب میں نگراں صوبائی وزرا خالد لطیف،نورالہدی ٰ شاہ ، اقبال پاک والا ، ایس خالد تواب ، سردار خان گھوٹو اور نامور بزنس مین سراج قاسم تیلی ، ایس ایم منیر ، پروفیسر انیتا غلام علی، تاج حیدر، مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر غوث علی شاہ، سلیم ضیا، مفتی منیب ، رمضان چھیپا ، جماعت اسلامی کے محمد حسین محنتی ، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے قاری محمد عثمان کے علاوہ امریکا ، برطانیہ ، جرمنی ، فرانس ، جاپان ، چین ، کویت اور ایران کے قونصل جنرلز نے بھی شرکت کی۔




نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے تقریب کے شرکا کوفرداً فردا ًخوش آمدید کہا،دریں اثنا نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) زاہد قربان علوی نے شہر میں ٹارگٹ کلنگ کی بڑھتے ہوئے واقعات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سندھ اور ایڈیشنل آئی جی پولیس کو فوری طور پر وزیراعلیٰ ہائوس میں طلب کر تے ہوئے انھیں سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ شہر میں گشت میں اضافہ کریں۔

اسنیپ چیکنگ سمیت تمام تر ضروری اقدامات کریں اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے انھیں کیفر کردار تک پہنچائیں، انھوں نے آج شیر شاہ کے علاقے میں متحد ہ قومی موومنٹ کے 3 کارکنوں کے قتل کا بھی نوٹس لیا ہے اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو سختی سے ہدایات کی ہیں کہ وہ عملی طور پر اقدامات کرکے شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔
Load Next Story