ہندوبرادری کی منتقلی کی خبریں ملک کیخلاف سازش ہےشرجیل

اقلیتوں کومساوی حقوق حاصل ہیں،مولاناطاہر،پاکستان ہماری دھرتی ماتا ہے، مہیش لاکھانی

اقلیتوں کومساوی حقوق حاصل ہیں،مولاناطاہر،پاکستان ہماری دھرتی ماتا ہے، مہیش لاکھانی۔ فوٹو ایکسپریس

سندھ کے وزیراطلاعات شرجیل میمن نے کہاہے کہ ہندوبرادری کی بھارت منتقلی کی خبریں حکومت نہیں پاکستان کے خلاف سازش ہے،پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔دنیا میں یہ پیغام دیا جا رہا ہے کہ پاکستان میں اقلیتیں عدم تحفظ کا شکار ہیں اور ان سے بہت ناانصافی ہورہی ہے ۔پروگرام تکرار میں اینکر پرسن عمران خان سے گفتگو میں انھوں نے کہاکہ حکومت پاکستان نے اقلیتوں کو ہر طرح سے تحفظ دیا ہے، تھرپارکر میرے حلقے میں ہے وہاں چالیس فی صد غیر مسلم لوگ رہتے ہیں جن میں ہندو،عیسائی اور سکھ شامل ہیں اور وہ سب پاکستانی مسلمانوں کے برابر حقوق رکھتے ہیں۔ ہندوبرادری کی بھارت منتقلی کے حوالے سے صدر نے نوٹس لیتے ہوئے ایک کمیٹی بنادی ہے جو اقلیتوں کے تحفظات کو دور کرے گی۔

جو لوگ بھارت گئے ہیں وہ وزٹ ویزے پرگئے ہیں اور جلد واپس آجائیں گے۔ چیئرمین علماء کانفرنس کے رہنمامولاناطاہراشرفی نے کہاکہ پاکستان میں اقلیتوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں،ہندئوں کی بیٹیاں ہماری بیٹیاں ہیں ان کے جان ومال کا تحفظ حکومت پرواجب ہے۔ اسلام محبت اور امن کا دین ہے یہ تلوار سے نہیں پھیلا اگر اس کو تلوار کے زور پر پھیلانا ہوتا تو حضرت عمر کا غلام عیسائی نہ رہتا۔صدرہندو پنچائیت مہیش لاکھانی نے کہاکہ پاکستان ہماری دھرتی ماتا ہے ہم بھی اسلام کا احترام کرتے ہیں لیکن یہ کیا بات ہے کہ اسلام قبول کرنے والی لڑکی کو بہن، ماں، بیٹی نہیں بنایاجاتا اس کوبیوی ہی بنایاجاتا ہے۔


چودہ سالہ منیشا نے اسلام قبول کیا اور عدالت نے اس کو اپنے شوہر کے ساتھ جانے کی اجازت دیدی۔اتنی کم عمر بچی کو مذہب کے بارے میں کیا علم ہو سکتا ہے۔آخر وہ دن کب آئے گا جب ہمیں پاکستانیوں کے برابر حقوق ملیں گے جب ہم مرجائیں گے اگر تب وہ دن آیا تو کیا فائدہ ۔بھارت میں انسانی حقوق کے نمائندہ ہندو سنگھ سودھا نے کہاکہ جنوری سے اب تک سات سو کے قریب لوگ بھارت میں منتقل ہوچکے ہیں اور وہ واپسی کا ارادہ نہیں رکھتے ۔

ان کی بنیادی شکایت یہ ہے کہ ان کے ساتھ مذہبی بنیاد پر براسلوک کیا جاتا ہے ۔بھارت کے قوانین کے مطابق ان کو بھارت میں سات سال مسلسل قیام پر ہی شہریت دی جاسکے گی۔ پاکستان میں انسانی حقوق کی ترجمان فرزانہ باری نے کہاکہ پاکستان میں اقلیتوں میں عدم تحفظ بہت بڑھ چکا ہے۔عیسائیوں اور ہندوئوں کی معاشی حالت بھی ٹھیک نہیں ہے۔

 

Recommended Stories

Load Next Story