فنکار کی شناخت اس کی پرفارمنس ہوتی ہے تعداد کی بجائے معیار کو ترجیح دیتی ہوں نرما

ٹی وی میں اس وقت کام شروع کیا جب فلم انڈسٹری کی دوسری ہیروئنیں ٹی وی ڈرامہ میں کام کرنا اپنی ناکامی تصور کرتی تھیں۔

مختصر کیرئیر میں اپنی ایک الگ شناخت بنائی، ’’چن میرے مکھناں‘‘کے ذریعے اسٹیج پرفارمنس کا آغاز کیا، ایکسپریس سے گفتگو۔ فوٹو: فائل

نرما کا شمار ٹی وی اور فلم کی ان اداکارائوں میں ہوتا ہے جس نے اپنے مختصر کیرئیر میں اپنی ایک الگ شناخت بنائی۔

یہ پہلی اداکارہ ہے جس نے ''چن میرے مکھناں'' کے ذریعے اسٹیج پرفارمنس کا آغاز کیا اور آج تمام اداکارائیں اس کی نقالی کرتے ہوئے مقبول فلمی گیتوں پر ٹی وی سمیت دیگر شوبز تقریبات میں پرفارمنسز شروع کیں ۔نرما نے اپنے کیرئیر کا آغاز ٹی وی سے کیا ،لیکن اس کو اصل شہرت روف خالد کی تحریک آزادی پر بنائی جانیوالی میگا ڈرامہ سیریل''لاگ'' سے ملی جس میں اس نے ایک ہندو لڑکی کا کردار بڑی خوبصورتی سے نبھایا۔اداکارہ نرما کی صلاحیتوں سے کسی کو انکار نہیں، مگر کافی عرصہ سے شوبز کے لائم لائٹ سے غائب ہیں۔

شوبز میں واپسی کی خبریں تو سنی جارہی ہیں مگر ٹی وی اور فیشن سمیت دیگر شوبز سرگرمیوں میں کہیں بھی دکھائی نہیں دے رہیں ۔اس حوالے سے اداکارہ نرمانے ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فنکار کی شناخت اس کی پرفارمنس ہوتی ہے مگر ہمارے ہاںاس کی مصروفیت سے اندازہ لگایا جاتا ہے کہ وہ کتنے پراجیکٹ کر رہا ہے۔ میں تعداد کی بجائے معیار کو ترجیح دیتی ہوں اسی لیے اتنے عرصہ کے دوران میرے کریڈٹ پر صرف معیاری کام ہی ہے جو میری شناخت ہے۔ ٹھیک ہے کہ میں اس وقت کوئی ایسا پراجیکٹ نہیں کر رہی مگر جہاں کئی بھی جاتی ہوں تو چاہنے والے مجھے میرے کرداروں سے فورا پہچان لیتے ہیں۔اتنی محبت اور پیار دیکھ کر مجھے بے حد خوشی ہوتی ہے اسی لیے والہانہ محبت کو مزید مستحکم کرنے کے لیے منتخب پراجیکٹ کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے۔ جب ان سے سوال کیا گیا کہ پروڈیوسرز آپ کے غیر ذمے دارانہ روئیے کی شکایت کرتے ہیں ؟

تو انھوں نے کہا کہ نجی سیکٹرمیں چینلز کے آجانے سے فنکاروںکی مصروفیت میں بے پناہ اضافہ ہوگیاہے جس کی وجہ سے بعض اوقات شیڈول کے مطابق پہنچ نہیں پاتے ،اس کے باوجود ہمیشہ کوشش کی کہ میری وجہ سے کسی پروڈیوسر یا ساتھی فنکاروں کو پریشانی کا سامنانہ کرنا پڑے لیکن اگر چند ایک پراجیکٹ چھوڑے تو وہ پروڈیوسر کے ساتھ اختلافات کی وجہ سے مجھے ایسا فیصلہ کرنا پڑا۔




انھوں نے بتایا کہ فلم سے زیادہ ٹی وی میڈیا ناظرین میں مقبولیت حاصل کر رہا ہے اس لیے مجھ سمیت دوسرے فلم اسٹار بھی ٹی وی ڈراموں اور پروگراموں میں دلچسپی لے رہے ہیں حالانکہ یہ بات سب اچھی طرح جانتے ہیں کہ میں نے ٹی وی ڈراموں میں کام کرنا اس وقت شروع کیا جب فلم انڈسٹری کی دوسری ہیروئنیں ٹی وی ڈرامہ میں کام کرنا اپنی ناکامی تصور کرتی تھیں لیکن اب ہر دوسری اداکارہ کسی نہ کسی ڈرامہ یا ٹیلی فلم میں کام کر رہی ہے۔ بھارت کے ساتھ کوپروڈکشن کے حوالے سے کیے گئے سوال کے جواب میں نرما نے بتایا کہ اس طرح سے دونوں ممالک کے فنکاروں کو ایک دوسرے کے ساتھ کام کرنے سے نہ صرف دوستی کا یہ سفر مستحکم بلکہ ایک دوسرے کے تجربہ سے فائدہ بھی اٹھائینگے۔

مستقبل پلاننگ کے حوالے سے نرما نے بتایا کہ مجھے اس وقت بھی متعدد فلموں اور ڈرامہ سیریلز میں کام کرنے کی آفرز آرہی ہیں لیکن اب میں صرف منتخب فلمیں اورڈرامہ سیریلز کرونگی کیونکہ میں تعداد کی بجائے معیار پر یقین رکھتی ہوں ذاتی پروڈکشن کے حوالے سے انھوں نے بتایا کہ اس طرف آنے کا کوئی ارادہ نہیں لیکن فی الحال اپنی شوبز مصروفیات کی وجہ سے کچھ نہیں کہہ سکتی ۔ نرما نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ شوبز میں آئے روز سیکنڈلز ساتھی فنکاروں کے ساتھ بنتے ہیں مگر میں اس طرح کے فضول کاموں میں پڑ کے وقت ضائع نہیں کرتی۔ سستی شہرت کے لیے دوسری اداکارائوں کی طرح مجھے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنے کا کوئی شوق نہیں۔

پاکستان فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے نوجوان ٹیلنٹ کو آگے لانا ہو گا کیونکہ وقت کے ساتھ فلم میکنگ میں انقلاب آ چکا ہے۔ ہمارے ہاں آج بھی 20 سال پرانے انداز کے ساتھ فلمیں بنائی جا رہی ہیں جنھیں فلم بین مسترد کر چکے ہیں فلم ٹریڈ کے مستقبل سے مایوس نہیں۔ ایک سوال کے جواب میں نرما نے کہا کہ میں جلد ہی ایک بڑے پراجیکٹ کے ساتھ شوبز میں واپس آنے کی تیاریاں کر رہی ہوں۔
Load Next Story