چیمپئنز ٹرافی انگلش کنڈیشنز کے پیش نظر تجربات سے گریز کا امکان

حتمی 15رکنی اسکواڈ کے انتخاب کیلیے سلیکشن کمیٹی آج اور کل سرجوڑکر بیٹھے گی، عمر اکمل پر سلیکٹرز کی رائے میں عدم اتفاق.

نئے وکٹ کیپر محمد رضوان کو اسکاٹ لینڈ اور آئرلینڈ کیخلاف آزمانے کی تجویز، ناصر جمشید اوراظہر علی پر بھی آرا مختلف، آفریدی اور شعیب ملک کی شمولیت یقینی. فوٹو: آئی سی سی

RAWALPINDI:
آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے لیے سلیکٹرز نے اپنے اپنے طور پر کھلاڑیوں کی ابتدائی فہرستیں تیار کر لیں، حتمی اسکواڈ کے انتخاب کے لیے سلیکشن کمیٹی پیر اور منگل کو سرجوڑکر بیٹھے گی۔

میگا ایونٹ میں مضبوط حریفوں اور مشکل انگلش کنڈیشنزکو مدنظر رکھتے ہوئے تجربات سے گریز کیے جانے کا امکان ہے اور نئے کھلاڑیوں کی بجائے زیادہ تر تجربہ کار پلیئرزکو ہی لندن بھجوائے جانے کی تجویز زیر غور ہے۔ تفصیلات کے مطابق 6 جون سے 23 جون تک انگلینڈ میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں عمدہ کارکردگی پیش کرنے کیلیے پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی خاصی متحرک ہے اور سلیکٹرز نے دورئہ جنوبی افریقہ کے بعد پی سی بی کے زیر اہتمام ڈومیسٹک ایونٹس میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا باریک بینی سے جائزہ لے کر اپنے اپنے طور پر ابتدائی فہرستیں تیارکرلی ہیں۔

سلیکٹرز کا خیال ہے کہ میگا ایونٹ میں گرین شرٹس کو دنیا کے مضبوط ترین حریفوں کا سامنا ہوگا اور مشکل انگلش کنڈیشنز بھی خوفناک اژدھے کی طرح منہ کھولے ان کا استقبال کریں گی، ایسے حالات میں جونیئر کی بجائے تجربہ کھلاڑی زیادہ کارآمد ثابت ہو سکتے ہیں۔ذرائع کے مطابق عمر اکمل کے انتخاب پر سلیکٹرز میںاختلاف رائے پایا جاتا ہے، بعض اراکین کی رائے میں مڈل آرڈر بیٹسمین ٹیلنٹ کے باوجود میچز کے دوران ذمہ دارانہ کھیل پیش کرنے کی بجائے جلد بازی میں وکٹ گنوانے کو اپنا وطیرہ بنائے ہوئے ہیں، کامران اکمل کو وکٹ کیپنگ کے ساتھ بیٹنگ کے ایڈوانٹج کی وجہ سے دوسرے وکٹ کیپر محمد رضوان پر ترجیح دی جا سکتی ہے۔

 




تاہم ینگ وکٹ کیپر کو گروم کرنے کے لیے اسکاٹ لینڈ اور آئرلینڈ کے خلاف 2، 2 میچز کے لیے یورپ بھجوائے جانے کی تجویزبھی پیش نظر ہے، ناصر جمشید اوراظہر علی پر بھی سلیکٹرز کے تحفظات ہیں، سلیکشن کمیٹی کے مطابق بار بار مواقع ملنے کے باوجود دونوں بیٹسمین اپنے انتخاب کو درست ثابت نہیں کر سکے، ایسے میں عمران فرحت کو میگا ایونٹ میں قومی اسکواڈ کا حصہ بنائے جانے کا قومی امکان ہے اور وہ محمد حفیظ کے ساتھ اوپننگ کے لیے فیورٹ قرار دیے جا رہے ہیں۔ ان کے ساتھ قرعہ فال احمد شہزاد کے نام بھی نکل سکتا ہے۔ یونس خان کو ڈراپ کرنے کے بعد اسد شفیق کا نام حتمی اسکواڈ میں شامل کیے جانے کی تجویز ہے۔

شاہد آفریدی کے ساتھ شعیب ملک بھی میگا ایونٹ میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔جنید خان اور محمد عرفان چیمپئنز ٹرافی میں فاسٹ بولنگ کے شعبے میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کریں گے، تاہم عمر گل کے ان فٹ ہونے کے باعث سلیکٹرز وہاب ریاض اور اسد علی میں سے کسی ایک پیسر کو ٹیم میں شامل کرنے کے بارے میں غورکررہے ہیں۔ذرائع کے مطابق سلیکٹرز کی طرف سے اب تک تیار کردہ فہرستوں میں محمد حفیظ، عمران فرحت، احمد شہزاد، مصباح الحق، اسد شفیق، عمر اکمل، شعیب ملک، سہیل تنویر، شاہدآفریدی،حماد اعظم، جنید خان، محمد عرفان، وہاب ریاض، اسد علی، سعید اجمل، عبدالرحمن اور کامران اکمل کے نام شامل ہیں۔

مزید معلوم ہوا ہے کہ میگا ایونٹ میں قومی ٹیم کے حتمی انتخاب کے لیے چیف سلیکٹر اقبال قاسم پیر کو کراچی سے لاہور پہنچیں گے اور غیر رسمی ملاقات میںاراکین سے مشاورت کریں گے تاہم سلیکشن کمیٹی کا باقاعدہ اجلاس منگل کو شیڈول ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام سلیکٹرز نے اپنے طور پر کھلاڑیوں کا انتخاب کر لیا ہے، اراکین کی فہرستوں میں جوکھلاڑی مشترک ہوں گے، ان کو چھوڑ کر دوسرے کھلاڑیوں پر بحث ہو گی۔ چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف کی منظوری کے بعد حتمی ٹیم کا اعلان کیا جائے گا جبکہ قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ3 مئی کو ایبٹ آباد میں شروع ہو گا۔
Load Next Story