کنیریا پر تاحیات پابندی کیخلاف اپیل کی سماعت آج ہوگی

اسپاٹ فکسنگ کیس پراہم گواہ میرون ویسٹ فیلڈ کی شرکت بدستور مشکوک.

اسپاٹ فکسنگ کیس پراہم گواہ میرون ویسٹ فیلڈ کی شرکت بدستور مشکوک۔ فوٹو: فائل

لاہور:
لیگ اسپنر دانش کنیریا کی تاحیاب پابندی کے خلاف اپیل کی سماعت پیر کو ہوگی، اہم گواہ میرون ویسٹ فیلڈ کی شرکت بدستور مشکوک ہے۔

برطانوی میڈیا میں کائونٹی بولر اور انگلش بورڈ کے درمیان جوڑ توڑ کی خبروں کے باوجود کوئی آفیشل بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی لیگ اسپنر دانش کنیریا کی جانب سے خود پر عائد تاحیاب پابندی کے خلاف اپیل کی سماعت پیر کو لندن میں ہورہی ہے، انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے گذشتہ برس انھیں کرکٹ کے لیے بہت بڑا خطرہ قرار دے کر تاحیات پابندی عائد کردی تھی جس کے خلاف بولر نے اپیل کی جس پر سماعت دسمبر میں ہونا تھی لیکن اس کیس کے اہم ترین گواہ میرون ویسٹ فیلڈ کی جانب سے شریک نہ ہونے کی وجہ سے اسے 22 اپریل تک ملتوی کردیا تھا۔




 

انگلش بورڈ نے اس بار ویسٹ فیلڈ کی سماعت میں شرکت یقینی بنانے کیلیے لندن ہائیکورٹ کی مدد حاصل کی جس نے باقاعدہ سمن جاری کردیے ہیں۔ گذشتہ دنوں برطانوی میڈیا میں یہ اطلاعات سامنے آئیں کہ ویسٹ فیلڈ نے انگلش بورڈ کے آفیشلز سے ملاقات کی، جس میں انھیں یہ پیشکش کی گئی کہ اگر انھوں نے دانش کنیریا کے خلاف گواہی دی تو ان پر کلب کرکٹ کھیلنے کی تین برس کی پابندی ختم کردی جائے گی اور وہ ایسکس لیگ میں وانسٹیڈ کلب کی جانب سے دوبارہ کرکٹ کھیل سکیں گے تاہم اس بارے میں دونوں جانب سے کوئی آفیشل بیان سامنے نہیں آیا ہے جبکہ سماعت میں ویسٹ فیلڈ کی شرکت بدستور مشکوک قرار دی جارہی ہے۔

دوسری جانب دانش کنیریا اور ان کے وکلا اپیل کا نتیجہ حق میں آنے کے لیے پرامید ہیں، وہ پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ ویسٹ فیلڈ کی عدم موجودگی میں کیس کی کوئی حیثیت نہیں، کنیریا کے خلاف جرم ثابت نہ ہونے پر انگلش بورڈ کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ کیا جائے گا۔
Load Next Story