معذوروں کی رجسٹریشن ملازمتوں میں کوٹا اور فنڈ قائم کرنے کا حکم

ہائی کورٹ کی سندھ کابینہ کوسندھ بھر کے معذور افراد کے ملازمت کوٹے پر عملدرآمد کے لیے فوری اشتہارات شائع کرنے کی ہدایت

حکم پر عمل کر کے 8 اگست کو رپورٹ جمع کرائی جائے، عدالت، ذہنی اور جسمانی معذوروں کی کیٹگری بنائی جائے، وکیل درخواست گزار۔ فوٹو : ایکسپریس ٹریبیون ، فائل

سندھ ہائی کورٹ نے سندھ کابینہ کو قانون کے مطابق معذور افراد کی فلاح اور بحالی کے لیے فنڈ قائم کرنے، تمام اداروں میں معذور افراد کے لیے ملازمتوں میں 5 فیصد کوٹہ مختص کرنے، اشتہارات شائع کرنے اور معذور افراد کی رجسٹریشن کا عمل شروع کرنے کا حکم دے دیا۔


سندھ ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ کے روبرو ملازمتوں میں معذور افراد کے 5 فیصد کوٹہ پر عمل درآمد نہ کرنے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ سیکریٹری لیبر،سیکریٹری خصوصی تعلیم اور سیکریٹری ری ہیبلی ٹیشن دیگر پیش ہوئے، درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ صوبے کے ہر ضلع میں ایمپلائمنٹ ایکسچینج قائم کر کے معذور افراد کی رجسٹریشن کی جائے، موجودہ ایمپلائمنٹ ایکسچینج کی انسپکشن کرائی جائے، ذہنی اور جسمانی طور پر معذوروں کی الگ الگ کیٹگری بنائی جائے، حکومت سے ملازمتوں اور کوٹہ کی مکمل تفصیلات طلب کی جائیں۔

عدالت نے سندھ کابینہ کو قانون کے مطابق معذور افراد کی فلاح اور بحالی کے لیے فنڈ قائم کرنے کا حکم دیتے ہوئے تمام اداروں میں ملازمت کے لیے معذور افراد کے لیے 5 فیصد کوٹہ مختص کرنے کی ہدایت کر دی، عدالت نے معذور افراد کے ملازمت کوٹے پر عمل درآمد کے لیے اشتہارات شائع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے معذور افراد کی رجسٹریشن کا عمل شروع کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے حکم پر عمل درآمد کرکے 8 اگست کو فریقین سے رپورٹ طلب کرلی۔
Load Next Story