سورج آگ برسانے لگا دریائے سندھ اور نہر میں نہاتے ہوئے 5 بچے ڈوب گئے

لاہورسمیت ملک کے بیشتر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں، شہری چھتری استعمال کریں ،ماہرین

لاہورسمیت ملک کے بیشتر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں، شہری چھتری استعمال کریں ،ماہرین۔ فوٹو : فائل

صوبائی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں سورج نے آگ برسانا شروع کر دی، دریائے سندھ اور نہر میں نہاتے ہوئے 5بچے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔

ملک کے بیشتر علاقے اس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں جب کہ گزشتہ روز لاہور کا درجہ حرارت 43ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا۔


دوسری جانب بخاری محلہ چاچڑاں شریف کے رہائشی تین کزن 12 سالہ ثمر عباس، 12سالہ آصف اور 11سالہ سلمان دریائے سندھ میں نہاتے ہوئے گہرے پانی میں ڈوب گئے، اہل علاقہ نے انہیں بچانے کی کوشش کی تاہم ثمر عباس اور آصف موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ سلمان کو بنیادی مرکز صحت لایا گیا جہاں وہ بھی دم توڑ گیا۔

شہداد کوٹ میں لکھ پت کے رہائشی 3 بچے 12 سالہ بلال سومرو، 13سالہ شاہد اور اسکا 15سالہ کزن ناصر جمالی نہر میں نہاتے ہوئے ڈوب گئے، اہل علاقہ نے بچوں کو باہر نکالا تو بلال اور شاہد دم توڑ چکے تھے جبکہ ناصر کو تشویشناک حالت میں لاڑکانہ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ بچوں کی لاشیں گھروں میں پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔

علاوہ ازیں محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی تھی کہ جمعے کو کراچی کا درجہ حرارت 37 سے39ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے تاہم سمندر کی جنوب مغربی ہوائوں کے ساتھ مغربی اور شمال مغربی ہوائیں چلنے سے گرمی کا پارہ پھر 42ڈگری تک پہنچ گیا۔
Load Next Story