موٹر سائیکل کی فینسی نمبر پلیٹ کیخلاف کریک ڈاؤن شروع

نمبر پلیٹ تبدیل کرنے کی مدت ختم ،کریک ڈاؤن کے دوران پولیس نے شہریوں سے رقم وصول کر کے چھوڑنا شروع کردیا

ایس ایس پی ایسٹ عمران شوکت نے کہا کہ اگر پولیس، میڈیا کے نمائندوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے بھی موٹر سائیکل پر فینسی نمبر پلیٹ لگائی ہوئی ہوگی تو ان کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی. فوٹو: نور/فائل

شہر میں موٹر سائیکل کی پرانی اور فینسی نمبر پلیٹ تبدیل کیے جانے کی مدت کے اختتام کے پولیس نے کل سے شہر میں موٹر سائیکل کی پرانی ، چھوٹی اور فینسی نمبر پلیٹ کے خلاف باقاعدہ کریک ڈاؤن شروع کردیا ہے ۔

ترجمان سندھ پولیس ایس ایس پی ایسٹ عمران شوکت کے مطابق پرانی اور فینسی نمبر پلیٹ کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران اگر پولیس،میڈیا کے نمائندوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے بھی موٹر سائیکل پر فینسی نمبر پلیٹ لگائی ہوئی ہوگی تو ان کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔


دوسری جانب سے پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں اسنیپ چیکنگ اور گشت کے دوران فینسی نمبر پلیٹ لگی موٹر سائیکل سوار شہریوں کی پکڑ دھکڑ شروع کردی ہے اور اس دوران پولیس اہلکاروں نے بعض شہریوں سے بھاری رقم وصول کر کے چھوڑنا شروع کردیا ہے اور اگر کسی شہری کے پاس سے فوری طور پر جیب میں رقم نہیں ہوتی تو انھیں گرفتار کر کے تھانے لے جاتی ہے ۔



جس پر شہریوں نے شدید احتجاج کیا ہے، واضح رہے کہ 19مارچ کو سندھ پولیس کے ترجمان ایس ایس پی عمران شوکت نے ڈی آئی جی ساؤتھ آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ تمام پرانی موٹر سائیکل مالکان کو ہدایت جاری کیں تھی کہ وہ 7 روز میں اپنی موٹر سائیکل پر سے فینسی نمبر پلیٹ ہٹا کر سرکاری طرز کی نمبر پلیٹ یعنی سفید بیس پر کالے رنگ سے نمبر لکھوا کر11انچ لبی اور 9 انچ چوڑی پلیٹ لگوائیں بصورت دیگر انہیں دہشت گردوں کا ساتھی سمجھا جائے گا اور ان کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
Load Next Story