اقبال محمود ایک بار پھر کراچی پولیس کے سربراہ بن گئے

شہریوں کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ کر اہلخانہ سے ملنے کینیڈا جانے کے بعد اقبال محمود کو عہدے سے ہٹایا گیا تھا

کراچی پولیس کے سینئر افسران نے اقبال محمود کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کم از کم 11 مئی تک کینیڈا جانے سے گریز کریں. فوٹو: فائل

حکومت سندھ نے کراچی پولیس کے سربراہ غلام شبیرشیخ کے ریٹائرمنٹ کے بعد غفلت و لاپروائی کا مظاہرہ کرنے پر ہٹائے جانے والے اقبال محمود کو ایک بار پھر سے کراچی پولیس کا نیا سربراہ مقررکر دیا گیا۔

جبکہ غلام حیدر جمالی ایڈیشنل آئی جی سی آئی ڈی ، سلطان خواجہ کو ڈی آئی جی سکھر اور عبدالخالق شیخ کو بدستور ڈی آئی جی ٹریفک کراچی پر تعینات رہنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں، اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفیکشن جاری کر دیا گیا اور مقرر کردیا گیا ہے، واضح رہے کہ دوبارہ تعینات کیے جانے والے کراچی پولیس کے سربراہ اقبال محمود کو اس وقت ان کے عہدے ہٹا دیا گیا تھا۔

جب وہ شہر میں جاری ٹارگٹ کلنگ ، دستی بم حملوں اور خوفناک بم دھماکوں کے باوجود شہریوں کو دہشت گردوں اور اسٹریٹ کرمنلز کے رحم و کرم پر چھوڑ کر چھٹیاں منانے اپنے اہلخانہ سے ملنے کینیڈا چلے گئے تھے جب وہ واپس کراچی پہنچے تو انھیں عہدے سے ہٹا کر کراچی پولیس کے سربراہ کا عارضی چارج سنبھالنے والے ایڈیشنل آئی جی سی آئی ڈی غلام شبیر شیخ کو کراچی پولیس کا نیا سربراہ بنا دیا گیا۔




جبکہ ان کی جگہ اقبال محمود کو ایڈیشنل آئی جی سی آئی ڈی تعینات کر دیا گیا تھا، دوسری طرف کراچی پولیس کے سینئر افسران نے اقبال محمود کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کم از کم 11 مئی تک کینیڈا جانے سے گریز کریں اور کینیڈا میں مقیم اپنی فیملی کو بتادیں کہ انتخابات کے باعث گیارہ مئی تک وہاں نہیں آسکتے۔

کیونکہ کراچی میں امن وامان کی صورتحال پر کراچی پولیس کے سربراہ کا شہر میں موجود رہنا ضروری ہے، افسران نے ان کو یہ بھی مشورہ دیا ہے کہ کراچی پولیس کو اسی طرح سے متحرک رکھنا ہے جیسے سابق غلام شبیر شیخ نے رکھا ہوا تھا اور اس میں کسی بھی قسم کی غفلت و لاپروائی ان کیلیے پریشانی کا باعث بن سکتی ہے۔
Load Next Story