فٹبال مانچسٹر یونائیٹڈ نے انگلش پریمیئر لیگ جیت لی

آسٹن ویلا کیخلاف وین پرسی کی ہیٹ ٹرک، سٹی پر 16 پوائنٹس کی فیصلہ کن برتری۔

آسٹن ویلا کیخلاف وین پرسی کی ہیٹ ٹرک، سٹی پر 16 پوائنٹس کی فیصلہ کن برتری۔ فوٹو: فائل

PHILADELPHIA:
مانچسٹر یونائیٹڈ نے 20 ویں مرتبہ انگلش پریمیئر لیگ جیت لی، آسٹن ویلا کیخلاف میچ کے تینوں گول کھیل کے پہلے ہاف میں روبن وین پرسی نے بنائے، ان کی ہیٹ ٹرک نے ٹیم کو دوسرے نمبر پر موجود مانچسٹر سٹی پر 16 پوائنٹس کی فیصلہ کن برتری دلادی۔

تفصیلات کے مطابق مانچسٹریونائیٹڈ نے میچ کا آغاز تیز رفتاری سے کیا، دوسرے ہی منٹ میں وین پرسی نے گیند کو جال میں پہنچاکر ٹیم کو برتری دلادی،13ویں منٹ میں وین رونی کے زبردست پاس پر ایک مرتبہ پھر گیند وین پرسی کوملی جس پر انھوں نے بائیں پاؤں سے کک لگا کر اسے گول میں پھینک دیا، اس موقع پر حریف گول کیپر براڈ گوزان مکمل طور پر ناکام نظر آئے، 33ویں منٹ میں پرسی نے ہیٹ ٹرک مکمل کرلی، میچ میں اس کے بعد کوئی گول نہ بنا، اس کامیابی کی بدولت ٹیم نے لیگ ٹائٹل اپنے قبضے میں کرلیا، ابھیاس کے چار لیگ میچز باقی اور وہ 84 پوائنٹس حاصل کرچکی ہے۔




سیزن میں 95 پوائنٹس کا چیلسی کا ریکارڈ ابھی اس کی دسترس میں ہے، چیلسی نے یہ کارنامہ 2004-05 میں انجام دیا تھا، کوچ الیکس فرگوسن کی زیر نگرانی یہ مانچسٹر یونائیٹڈ کا 13واں لیگ ٹائٹل ہے، میچ کے بعد یونائیٹڈ کے حامی پرستاروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور وہ رات گئے تک سڑکوں پر جشن مناتے رہے۔

دوسری جانب وین پرسی کیلیے آرسنل سے مانچسٹر یونائیٹڈ آنے کا سفر خوش آئند رہا، انھوں نے آرسنل کی نمائندگی کرتے ہوئے گذشتہ برس انگلینڈ کے بہترین فٹبالر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیتا تھا،اب مانچسٹر یونائیٹڈ کی جانب سے بھی وہ اس اعزاز کو حاصل کرسکتے ہیں، اس طرح وہ لگاتار دوسیزن میں دو مختلف کلبز کی نمائندگی کرتے ہوئے یہ ایوارڈ پانے والے پہلے کھلاڑی بن جائینگے۔
Load Next Story