دورئہ انگلینڈ کینگروز کو خوش اخلاقی کا سبق پڑھایا جانے لگا

خود کوایمانداری اور اسپورٹس مین شپ میں نمبر ون ثابت کرنا، کوچ کی پلیئرز کو تنبیہ

خود کوایمانداری اور اسپورٹس مین شپ میں نمبر ون ثابت کرنا، کوچ کی پلیئرز کو تنبیہ۔ فوٹو : ا ے ایف پی

دورہ انگلینڈ سے قبل جسٹن لینگر کینگروز کو خوش اخلاقی کا سبق پڑھانے لگے۔

آسٹریلوی ٹیم جنوبی افریقہ میں سامنے آنے والے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کے بعد پیر کے روز انگلینڈ کے محدود اوورز کے دورے پر روانہ ہورہی ہے۔ اس ٹور میں اسے اپنے سابق کپتان اسٹیون اسمتھ، اوپنرز ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بین کرافٹ کی خدمات میسر نہیں ہیں جن پر ٹیمپرنگ تنازع میں کرکٹ آسٹریلیا نے مختلف مدت کی پابندی عائد کررکھی ہے۔

برسبین میں نئے کوچ جسٹن لینگر نے ٹیم کو ایک زبردست قسم کا لیکچردیا جس میں ان کا کہناتھا کہ اب ہمیں پروفیشنلزم میں نمبر ون پوزیشن حاصل کرنا ہے، ہمیں دیانتداری اور اچھے رویے میں ٹاپ پرجانا ہے، اس سے کوئی غرض نہیں کہ آپ کتنی دولت کماتے، کتنے میچز کھیلتے اورکتنے رنزاسکورکرتے ہیں، اگرآپ اچھے انسان نہیں تو لوگ آپ کی یہی چیز یاد رکھیں گے، اس لیے خوش اخلافی سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہیں۔


لینگر نے تسلیم کیاکہ ٹور میں انگلش میڈیا اور کراؤڈ کے سخت رویے کا سامنا کرنا پڑے گا، اس بارے میں ان کا کہنا تھا کہ اگرآپ سب میچز جیتتے رہیں اور صاف ستھری کرکٹ کھیلیں تب بھی انگلینڈ میں ان چیزوں کا سامنا کرنا پڑے گا، ہم صرف اپنے رویے سے ہی اپنی عزت و احترام اور اعتماد واپس حاصل کرسکتے ہیں، آسٹریلوی عوام اپنی کرکٹ ٹیم سے پیار کرتی ہیں مگر صرف اچھا کرکٹر ہونا کافی نہیں اچھا انسان ہونا زیادہ ضروری ہے۔

جسٹن لینگر نے واضح کیا کہ رویے کے حوالے سے کوئی نیوزی لینڈ یا انگلش اسٹائل اختیار نہیں کیا جائے گا بلکہ کینگروز اپنے مزاج کی کرکٹ کھیلتے رہیں گے جس کی وجہ سے انھیں ماضی میں بے شمار کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔

 
Load Next Story