الیکشن کے موقع پر دہشت گردی کا خطرہ نہیں سخت حفاظتی انتظامات کرینگے نگراں وزیر اعلیٰ

ہر پولنگ اسٹیشن کی حفاظت یقینی بنائیں گے،امیدواروں اورانتخابی عملےکوسیکیورٹی دی جائیگی،ایئرپورٹ پرگفتگو، اجلاس سےخطاب.

لاڑکانہ میں آبادگار بورڈ، چیمبر،ایوان زراعت کے نمائندوں سے ملاقات، کمشنر و ڈی آئی جی کی بریفنگ، ہائیکورٹ کا دورہ بھی کیا۔ فوٹو: اے پی پی/فائل

سندھ کے نگراں وزیر اعلیٰ جسٹس (ر) زاہد قربان علوی نے کہا ہے کہ الیکشن کے موقع پر دہشتگردی کا کوئی خطرہ نہیں تاہم حکومت کی جانب سے الیکشن میں سخت حفاظتی انتظامات کیے جائیں گے، 11مئی کو ہر پولنگ اسٹیشن کی حفاظت کو یقینی بنایا جائیگا۔

انھوں نے ان خیالات کا اظہار سکھر ایئرپورٹ پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔ نگراں وزیر اطلاعات نور الہدیٰ شاہ، وزیر برائے خصوصی تعلیم محمد ذکریا گوندل،کمشنر سکھر ڈاکٹر نیاز عباسی، ایس ایس پی عرفان بلوچ ودیگر افسران سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدوار بھی موجود تھے۔ نگراں وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ 11مئی کو الیکشن کا انعقاد نگراں حکومت کا کارنامہ ہوگا، اس سلسلے میں کنٹرول اور مانیٹرنگ پر خصوصی توجہ دی جائیگی اور جہاں تک ممکن ہوسکے گا امیدواروں اور پولنگ اسٹاف کو سیکیورٹی فراہم کی جائیگی۔

انھوں نے کہاکہ لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال کنٹرول کرنے کیلیے اندرون سندھ کا دورہ کرکے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے رہا ہوں، جن سیاسی جماعتوں نے سیکیورٹی مانگی ہے انھیں مناسب سیکورٹی دے رہے ہیں، ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں اضافہ نہیں ہوا، مقررہ وقت پر انتخابات کرانا نگراں حکومت کی اولین ترجیح ہے، اپنے دورے کے بعد نگراں وزیر اعظم جسٹس (ر) میر ہزار خان کھوسو اور چیف الیکشن کمشنر کو رپورٹ پیش کروں گا جبکہ صوبائی الیکشن کمیشن سے بھی رابطہ کرکے انھیں حکومت کے تمام اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا جائیگا، ہر سیاسی جماعت سے ملاقات کا عمل بھی جاری ہے۔




بعد ازاں نگراں وزیرا علیٰ نے سرکٹ ہائوس میں ضلع انتظامیہ کے افسران اور سیاسی جماعتوں کے عہدیداروں سے میٹنگ کی،انھیں انتخابات کے حوالے سے خصوصی ہدایات دیں۔ لاڑکانہ سرکٹ ہائوس میں آبادگار بورڈ، چیمبر آف کامرس اور ایوان زراعت کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ سندھ میں آبادگاروں کو بیج، کھاد اور پانی سمیت تمام مطلوبہ اشیا وقت پر مہیا کرینگے۔

اس موقع پر آباد گار بورڈ کے ممبران اور ایوان زراعت کی جانب سے باردانہ و زرعی پانی کی عدم فراہمی سمیت دیگر شکایات پیش کی گئیں، جن پر نگراں وزیر اعلیٰ نے متعلقہ افسران کو فوری سختی سے شکایات کے ازالے کی ہدایت دی۔ بعد ازاں نگراں وزیر اعلیٰ کو ڈویژنل افسران کمشنر غلام مصطفیٰ پھل، ڈی آئی جی جاوید عالم اوڈھو نے انتخابی سرگرمیوں، حساس پولنگ اسٹیشنوں کے متعلق بریفنگ دی۔
Load Next Story