چند قومی سلامتی کے ادارے گن پوائنٹ پر پانی لے رہے ہیں ایم ڈی واٹر بورڈ

ٹریٹمنٹ پلانٹ لگنے میں7 ماہ لگ سکتے ہیں،اے اے جی

ساحل  پر تعمیرات اور رات میں گاڑیوں کا داخلہ روکا جائے،میئر وسیم اختر۔ فوٹو:فائل

پانی صحت اور صفائی سے متعلق سپریم کورٹ کے حکم پر قائم کیے گئے واٹرکمیشن کے سربراہ جسٹس (ر) امیر ہانی مسلم نے ساحل سمندر پر قائم ریسٹورینٹس کا سیوریج کا پانی سمندر میں پھینکنے پر پابندی لگادی جب کہ دوران سماعت ایم ڈی واٹر بورڈ نے کہا کہ چند قومی سلامتی کے ادارے گن پوائنٹ پر پانی لے رہے ہیں۔

سندھ ہائی کورٹ میں واٹر کمیشن کی کارروائی کے دوران سیکریٹری ڈی ایچ اے، کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن کے سی ای او ، میئر کراچی ، ایڈیشنل اٹارنی جنرل،ایم ڈی واٹر بورڈ اور اعلیٰ سرکاری افسران موجود تھے۔

واٹرکمیشن میں سمندر میں زہریلے فضلے کے اخراج کے معاملے پر سیکریٹری دفاع نے کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تنصیب کے حوالے سے بیان حلفی جمع کرادیا، ایڈیشنل اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ مشینری بیرون ملک سے درآمد ہوگی اس لیے 7 ماہ سے زائد وقت لگ سکتا ہے چیف ایگزیکٹو آفیسر کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ اخبار میں اشتہار شایع کردیا گیا ہے پلانٹ کی تنصیب اور فعالیت کے لیے حکومت کی منظوری ضروری ہے۔

کمیشن کے سربراہ کا کہنا تھا کہ آپ ایک سال تک شہریوں کو رلانا چاہتے ہیں مطلب شہری آج کے بعد سمندر میں نہ جائیں ساحل کے قریب تمام تعمیرات پر پابندی لگادیتے ہیں جب تک سیوریج کا پانی اور فضلہ ٹھکانے لگانے کا بندوبست نہیں ہوگاکوئی تعمیرات نہیں ہوگی سی ای ا و کنٹونمنٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ پیپرا رولز پر عمل درآمد کے لیے ایک سال لگ سکتا ہے۔

چیئرمین پلاننگ کمیشن کا کہنا تھا کہ پیپرا رولز میں ٹینڈر کے اجرا کے لیے 30 دن مقرر ہیں، کمیشن سربراہ نے کہا کہ آپ نے لکھ کر لگادیا سمندر میں گندگی نہ پھیلائیں آپ یہ نہیں بتارہے کہ گندگی تو آپ ہی پھیلارہے ہیں، ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی نے نئے سیکٹرز بنانے سے پہلے سیوریج کا پانی اور فضلہ ٹھکانے لگانے کے منصوبے کیوں نہیں بنائے؟، نتیجہ یہ ہے کہ پہلے اسپتال ایک سو شہری جاتے تھے اب ایک ہزار شہری جاتے ہیں۔

مقامی انجینئر نے کمیشن سربراہ کو بتایا کہ گالف کلب کے پاس باقاعدہ ٹریٹمنٹ پلانٹ موجود ہے یہ پلانٹ صرف بلند عمارتوں (ہائی رائز بلڈنگز) کے لیے مختص کردیا گیا ہے۔

سیکریٹری ڈی ایچ اے نے بتایا کہ یہ پلانٹ کام کررہا ہے اور اس کے قریب ہائی رائز بلڈنگز موجود نہیں، کمیشن سربراہ نے کہا کہ ڈی ایچ اے میں ناقص منصوبہ بندی پر احتساب کا کوئی نظام نہیں؟ ٹریٹمنٹ پلانٹس کی تنصیب کے لیے اتنا طویل وقت نہیں دے سکتے۔

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کا کہنا تھا کہ اگست 2019 تک مہلت دے دیں اور تحریری حکم جاری کردیں تاکہ کام یقینی ہوجائے کمیشن کا کہنا تھا کہ ٹھیک ہے پھر آپ ڈی ایچ اے فیز تھری میں تعمیرات روک دیں ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل کا کہنا تھا کہ ڈی ایچ اے پاکستان کی مہنگی ترین سوسائٹی ہے مگر یہاں سیوریج کا کوئی نظام نہیں کمیشن کا کہنا تھا کہ میں ایسا حکم جاری نہیں کروں گا جو قابل عمل نہ ہو۔


میئر کراچی وسیم اختر کا کمیشن میں کہنا تھا کہ سی ویو پر دوبارہ تعمیرات شروع ہوگئی ہیں، میکڈونلڈ اور ولیج ریسٹورینٹ کے قریب ہی عمارتیں بن رہی ہیں سیکریٹری ڈی ایچ اے کا کہنا تھا کہ کچھ پرانی عمارتوں کو تزئین و آرائش کی اجازت دی گئی ہے۔

میئر کراچی کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں ایسی تعمیرات نہیں ہوتیں اس کا ملبہ اور فضلہ کہاں جائے گا میں نے اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے کہ بلڈنگز کا کوئی سیپٹک ٹینک نہیں سارا سیوریج کا پانی اور فضلہ سمندر میں جارہا ہے۔ رات کو بڑی بڑی گاڑیاں ساحل سمندر پر اتاری جاتی ہیں جو خطرناک ہے، سی ای او کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ ہم کارروائی کرتے ہیں اور مقدمات بھی درج کراتے ہیں۔

کمیشن کا کہنا تھا کہ اگر کوئی پولیس افسر تعاون نہیں کررہا تو بتائیں کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کے افسر نے بتایا کہ ایس ایچ او درخشاں تعاون نہیں کرتے، وسیم اختر کا کہنا تھا کہ ساحل سمندر پر تعمیرات روکی جائیں ساحل تک گاڑیوں کے داخلے کو روکا جائے کمیشن سربرعاہ نے حکم دیا کہ سیپٹک ٹینک اور پلانٹ کے بغیر کسی کو ریسٹورینٹ چلانے کی اجازت نہ دی جائے کتنے پیسے کماتے ہیں آپ ان ریسٹورینٹس سے اس سے کئی گنا زیادہ شہری آپ کے سیوریج کے پانی اور فضلے سے بیمار ہورہے ہیں، مڈل اور لوئر مڈل کلاس کے شہری سمندر پر جاکر بیمار ہورہے ہیں۔

سیکریٹری ڈی ایچ اے نے بتایا کہ ساحل سمندر پر 10ریسٹورینٹس ہیں اور ان ریسٹورینٹس کا فضلہ فیز سکس کی طرف نکالاجارہا ہے۔ کمیشن سربراہ نے ریمارکس دیے کہ آپ نے سمندر میں ریسٹورینٹس اس لے بنائے ہیں تاکہ سارا گند بھی سمندر میں جائے نیک کام کیا ہے آپ نے رمضان میں یہ کام مکمل کریں ، اگر رمضان میں سیوریج کا مسئلہ حل نہ ہوا تو ریسٹورینٹس بند کردیں گے، کمیشن نے ساحل سمندر پر ریسٹورینٹس کا سیوریج کا پانی سمندر میں پھینکنے پر پابندی لگاتے ہوئے کہا کہ ریسٹورینٹس سیوریج کا پانی اپنے ٹینکس میں منتقل کرکے باؤزر سے نکالیںکمیشن نے ڈی ایچ اے حکام سے بیان حلفی طلب کیا ہے۔

کمیشن سربراہ نے کہا کہ ساحل سمندر کے ریسٹورینٹس کا سیوریج کا پانی اور فضلہ سمندر میں گیا تو سیکریٹری دفاع ذمے دار ہوں گے واٹرکمیشن نے ریسٹورینٹس کے لیے سیوریج کی مستقل لائن بچھانے کے لیے دو ماہ کی مہلت دے دی، کمیشن کے روبرو پانی چوری کے معاملے پر ادارہ فراہمی و نکاسی آب کراچی کے منیجنگ ڈائریکٹر نے بتایا کہ چند قومی سلامتی کے ادارے گن پوائنٹ پر پانی لے رہے ہیں ہمارے عملے کو یرغمال بنالیا جاتا ہے جب ان اداروں کو اپنا کام کرنا ہو تو 400 میل آگے جا کر بھی کام کرتے ہیں۔ کل قومی سلامتی کے ادارے کے مسلح سادہ لباس افراد نے پمپنگ اسٹیشن بند کرادیاتھا۔

ہائیڈرینٹ انچارج خالد فاروق نے بتایا ہے کہ سادہ لباس مسلح افراد نے ہائیڈرنٹ بند کرادیا اور مغلظات بکیں بعد میں ان کے کمانڈر کی سربراہی میں مجھے مارا پیٹا گیا، مجھے اغوا کرکے لے گئے اور گاڑی میں گھمایا پھرایا پھر چھوڑ دیا، ایم ڈی واٹر بورڈ نے بتایا کہ شاہ فیصل کالونی کا ہائیڈرنٹ بند کراکر پی اے ایف بیس کو اضافی پانی دیا جاتا ہے، کارساز پمپنگ اسٹیشن کو بھی گن پوائنٹ پر چلایا جاتا ہے ، کمیشن سربراہ جسٹس امیر ہانی مسلم نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو طلب کرلیا۔

کمیشن نے سیکریٹری دفاع یا جوائنٹ سیکریٹری کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے کہا کہ اگر سیکریٹری دفاع پیش نہیں ہوسکتے تو بااختیار افسرکو بھیجیں، واٹرکمیشن کے روبرو کے فور منصوبہ میں تاخیر کے معاملے پر پروجیکٹ ڈائریکٹر نے بتایا کہ منصوبے سے متعلق رپورٹ سیکریٹری بلدیات کو دیدی ہے۔ پی سی ون کے مطابق آگمینٹیشن پلان بھی جمع کرادیا گیا ہے اگلے ہفتے تک منصوبے کے بعض اجزاکی کمی سے متعلق بھی حتمی رپورٹ پیش کردی جائے گی۔

واٹر کمیشن نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو فوری طور پر ادارہ فراہمی و نکاسی آب کراچی کے بیٹرمنٹ چارجز ادا کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ڈی جی ایس بی سی اے منگل کو واجب الادا رقم کے چیک لے کر آجائیں کمیشن نے مزید کارروائی 4 جون تک ملتوی کردی۔
Load Next Story