ملک دشمن قوتوں کی رائے ونڈ سے فنڈنگ ہو رہی ہے شرجیل میمن

شریف برادران نے ہمیشہ سندھ اور وفاق دشمن فیصلے کیے ، تعصب پرستی کو فروغ دیا

شرجیل میمن نے کہا کہ شریف برادران نے ہمیشہ سندھ اور وفاق دشمن فیصلے کیے ہیں اور تعصب پرستی کو فروغ دیا ہے۔ فوٹو: فائل

پاکستان پیپلز پارٹی کے حلقہ پی ایس 50 سے نامزد امیدوار شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ ملک دشمن قوتیں ایک طرف ملک کو خودکش بمبار دے رہی ہیں اور انتشار کو فروغ دے رہی ہیں تو دوسری طر ف وفاق کو کمزور کرنے اور جمہوریت کیخلاف سازشیں کر رہی ہیں۔

اس بات میں کوئی شک نہیں ہے کہ ان تمام تنظیموں کی رائے ونڈ سے فنڈنگ اورپشت پناہی ہو رہی ہے۔ وہ یو سی ہوسڑی میں انتخابی جلسوں اور کارنر میٹنگز سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر این اے 222 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار سید نوید قمر، حاجی بدر میمن، غلام علی گوپانگ، شاہ جہان پھنور، شاہد انصاری،لالہ رضوان مغل، سید اکرم شاہ اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔

انھوں نے کہا کہ11 مئی کو عوام فیصلہ کرینگے کہ وہ جمہوریت کیلیے جان کے نذرانے دینے والوں کو ووٹ دیکر کامیاب بنائیں یا پھر طالبان کے سپریم کمانڈر نوازشریف کو۔ شریف برادران نے ہمیشہ سندھ اور وفاق دشمن فیصلے کیے ہیں اور تعصب پرستی کو فروغ دیا ہے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے اور تمام فیصلے عوام کی حق میں کیے ۔




انھوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنان نے اپنی جانیں قربان کر کے ملک اور قوم کی خدمت کی۔ انھوں نے کہا کہ سابق حکومت میں سندھ کے ایک لاکھ سے زائد نوجوانوں کو روزگار دیاگیا، لاکھوں غریب خواتین کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مالی امداد کی اور ہزاروں بے زمین خواتین کو زمین دی، اگر عوام نے خدمت کا موقع دیا تو ہمیشہ کی طرح بھرپور خدمت کرینگے۔

11مئی کا دن عوام کی جیت کا دن ہوگا اور پاکستان پیپلز پارٹی ملک بھر سے بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی، جبکہ سندھ کا آئندہ وزیر اعلیٰ پیپلز پارٹی کا جیالا ہوگا۔ قبل ازیں مختلف مقامات پر کارکنان کی بڑی تعدادنے دونوں امیدواروں کا پرتپاک استقبال کیا ۔
Load Next Story