چیمپئنز ٹرافی قومی ہاکی ٹیم نے ہالینڈ میں ڈیرے ڈال لیے

تربیتی کیمپ کا آج سے آغاز، غیرملکی کوچز کی خدمات حاصل کی جائیں گی

آسٹریلیا، ہالینڈ اور مقامی کلبز سے پریکٹس میچز شیڈول۔ فوٹو: سوشل میڈیا

ایف آئی ایچ چیمپئنز ٹرافی کا حصہ بننے کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم ہالینڈ پہنچ گئی۔

ذرائع کے مطابق7 گھنٹے کے طویل سفر کے بعد ٹیم نے آرام کیا تاہم شام کے اوقات میں ٹیم میٹنگ کا اہتمام کیا گیا جس میں 4 جون سے شروع ہونے والے کیمپ کے تیسرے مرحلے کی تیاریوں کے حوالے سے غوروفکر کیا گیا۔ کیمپ کے دوران گرین شرٹس نہ صرف فزیکل اور گیم ٹریننگ کریںگے بلکہ آسٹریلیا، ہالینڈ اور وہاں کے مقامی کلبوں کے ساتھ مجموعی طور پر 5 پریکٹس میچز بھی کھیلیں گے۔

اسی کیمپ کے دوران پہلی بارگول کیپر اور پنالٹی کارنر اسپیشلسٹ غیر ملکی کوچز کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔کیمپ اور پریکٹس میچزمیں عمدہ کارکردگی دکھانے والے 18 کھلاڑیوں کو چیمپئنز ٹرافی کے دوران صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع فراہم کیا جائیگا جبکہ باقی 4 کھلاڑی وطن واپس آجائیں گے۔


یاد رہے کہ میگا ایونٹ23جون سے یکم جولائی تک ہالینڈ کے شہر بریڈا میں کھیلا جائیگا جس میں پاکستان سمیت ارجنٹائن، آسٹریلیا، بیلجیئم، بھارت اور ہالینڈ کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔

چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں پاکستانی ٹیم روایتی حریف بھارت کے خلاف23 جون کو مدمقابل ہوگی، 24 جون کوپاکستان کا مقابلہ آسٹریلیا کے ساتھ رکھا گیا ہے، 26 جون کو گرین شرٹس ہالینڈ کے خلاف ایکشن میں دکھائی دیں گے، 28 جون کوپاکستان کا مقابلہ ارجنٹائن کے ساتھ ہوگا جبکہ میگا ایونٹ کے پہلے مرحلے کے آخری میچ میں پاکستانی ٹیم 29 جون کوبیلجیئم کے خلاف نبرد آزما ہوگی۔

واضح رہے کہ کھلاڑی پہلے مرحلے میں استنبول پہنچے جہاں 2 گھنٹے آرام کے بعدگرین شرٹس کی اگلی منزل بریڈا تھی، بیرون ملک جانے والوں میں عمران بٹ، مظہرعباس، امجد علی (گول کیپرز)، عرفان سینئر، مبشر، علیم بلال، عماد شکیل بٹ، توثیق ارشد، راشد علی، تصور عباس، رضوان جونیئر، ابوبکر، عرفان جونیئر، ارسلان قادر، عمر بھٹہ، رضوان سینئر، شفقت رسول، علی شان، اظفر یعقوب، اعجاز علی، رانا سہیل اور محمد دلبر شامل ہیں۔

 
Load Next Story