اسکاٹ لینڈ سے سیریز 6 ٹی 20 اسپیشلسٹ پلیئرزعازم سفر ہوگئے

پہلے سے انگلینڈ میں موجودکرکٹرز آج لیڈز سے براستہ مانچسٹر ایڈنبرا پہنچیں گے

ٹیسٹ کھلاڑیوں کی وطن واپسی آج شروع ہوگی، اظہرعلی اور عثمان رک گئے

اسکاٹ لینڈ سے سیریز کیلیے6 ٹی ٹوئنٹی اسپیشلسٹ پلیئرز عازم سفر ہوگئے۔


شعیب ملک اور اسکواڈ میں شامل دیگر کرکٹرز پہلے ہی انگلینڈ میں موجود ہیں اور بدھ کو لیڈز سے براستہ مانچسٹر ایڈنبرا پہنچ جائینگے،ٹیسٹ اسپیشلسٹ کھلاڑیوں کی واطن واپسی بدھ کو ہی شروع ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ سے ٹیسٹ سیریز میں شرکت کرنے والے سمیع اسلم، اسد شفیق، سعد علی اور امام الحق بدھ کو وطن واپسی کیلیے اڑان بھریں گے، ان کی اپنے اپنے شہروں میں آمد مانچسٹر سے براستہ دبئی ہو گی، اظہر علی اور عثمان صلاح الدین بعد میں وطن واپس آئیں گے، محمد عباس کائونٹی کرکٹ میں دوبارہ شمولیت کیلیے منگل کو ہی لیسٹر روانہ ہو گئے تھے۔یاد رہے کہ اسد شفیق اور اظہر علی کی کائونٹی کرکٹ میں معاہدوں کیلیے بھی بات چیت چل رہی ہے تاہم اس ضمن میں تاحال کوئی پیش رفت سامنے نہیں آسکی۔

دوسری جانب ٹی ٹوئنٹی اسپیشلسٹ 6 کرکٹرز احمد شہزاد، آصف علی،حسین طلعت، محمد نواز،عثمان شنواری اور شاہین آفریدی کی براستہ امارات انگلینڈ روانگی گذشتہ شب شیڈول تھی،لارڈز میں ورلڈ الیون کی طرف سے میچ کھیلنے والے شعیب ملک پہلے ہی وہاں موجود ہیں،ٹیسٹ سیریز سے فارغ ہونے کے بعد ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں بھی شامل دیگر کھلاڑیوں فخر زمان، حارث سہیل، فہیم اشرف، شاداب ، محمد عامر، حسن علی اور راحت علی کو بدھ کے روز سرفراز احمد کی قیادت میں صبح 9 بجے لیڈز سے مانچسٹر کیلیے اڑان بھرنا ہے، وہاں سے 12:40کی فلائٹ سے وہ ایڈنبرا پہنچیں گے، اگلے چند روز میں گرین شرٹس کو ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ اور مقامی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کا اچھا موقع ملے گا۔ واضح رہے کہ پاکستان کا اسکاٹ لینڈ کیخلاف پہلا میچ 12 اور دوسرا 13 جون کو ہوگا،دونوں مقابلے ایڈنبرا میں شیڈول ہیں۔
Load Next Story