ویمنز ٹی 20 ایشیا کپ پاکستان آج بھارتی دیوار گرانے کیلیے تیار

فاتح الیون فائنل میں جگہ پکی کرلے گی، ناکام ٹیم کودیگرنتائج کا انتظار کرنا ہوگا

بہترین فارم کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب بسمہٰ معروف اورندا ڈارامیدوں کا مرکز۔ فوٹو: فائل

ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں ہفتے کو پاکستان بھارتی دیوار بھی گرانے کیلیے تیار ہے۔

کوالالمپور میں جاری ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں بھارت 4میچز میں6پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، پاکستان کے بھی اتنے ہی پوائنٹس لیکن نیٹ رن ریٹ میں 0.107 کے معمولی فرق کی وجہ سے وہ دوسرے نمبر پر ہے، دوسری طرف بنگلادیش کے بھی 6پوائنٹس لیکن نیٹ ریٹ ابتدائی دونوں ٹیموں سے بہت کم ہے،ایونٹ کا لیگ مرحلہ ہفتے کو مکمل ہوجائے گا۔


پاکستان نے بھارت کو شکست دے دی تو8پوائنٹس کے ساتھ اتوار کو شیڈول فائنل میں جگہ پکی ہوجائے گی،ناکامی کی صورت میں اگر مگر کا چکر شروع ہوجائے گا،بنگلادیش کا میچ ابھی تک فتح کا مزا نہ چکھ پانے والی ملائیشین ٹیم سے ہے،کوئی بڑا اپ سیٹ نہ ہوا تو مہمان ٹیم کی فتح کا امکان روشن ہے۔

بنگلادیش نے اپنے پوائنٹس8کرلیے تو پاکستان کا فائنل کھیلنے کا خواب ادھورا رہ جائے گا،بنگلادیش کو شکست ہوئی تو سری لنکاکی امیدیں بھی روشن ہوجائیں گی،تھائی لینڈ کیخلاف جیت سے پوائنٹس کی مجموعی تعداد 6کرتے آئی لینڈرز بھی فائنل کی دوڑ میں شامل ہوجائیں گی۔

واضح رہے کہ حتمی فیصلہ نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر ہوگا،پاکستان ہفتے کے میچ میں جیت گیا تو بھارت کو بھی دیگر ٹیموں کے نتائج کا انتظار کرنا ہوگا۔
Load Next Story