انٹرسٹی بس مالکان کی زائد کرایہ وصولی موٹر وے پولیس نے زائد رقم مسافروں کو دلوادی

آئی جی موٹروے پولیس کی جانب سے زائد کرایہ لینے والے60انٹر سٹی بس مالکان کے چالان،ہزاروں روپے کا جرمانہ

شہریوں سے لوٹ مارنہیں کرنے دیں گے،آئی جی موٹر وے پولیس۔ فوٹو: فائل

موٹر وے پولیس نے انٹر سٹی بسوں میں مسافروں سے زیادہ کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی شروع کردی۔

آئی جی نیشنل ہائی وے و موٹروے پولیس اور سندھ حکومت کی جانب سے انٹرسٹی بسوں میں مسافروں سے زیادہ کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف موٹروے پولیس نے کارروائی شروع کردی ہے سپرہائی وے ٹول پلازہ پر مسافروں سے زیادہ کرایہ وصول کرنے والی انٹر سٹی بسوں کو موقع پر60سے زاید چالان کیے گئے اور مسافروں کو زایدکرایہ واپس کیا گیا ہے۔

نیشنل ہائی وے و موٹروے پولیس نے پیر کو 12 بجے سے سپرہائی وے اور موٹروے ٹول پلازہ پر موٹروے پولیس کے سی پی او گل خان اور ایڈمن آفیسر موٹر وے پولیس عدنان شاہ پر مشتمل ٹیم نے مسافروں سے زیادہ کرایہ وصول کرنے والی انٹرسٹی بسون کو موقع پر چالان کرکے جرمانہ عاید کیا ہے۔


ٹرانسپورٹروں کی جانب سے مسافروں سے وصول کیا گیا زیادہ کرایہ مسافروں کو واپس کیا گیا انٹرسٹی بسوں کی جانب سے مسافروں سے زیادہ کرایہ وصول کرنے کے خلاف کارروائی کرنے والی کمیٹی منگل 12جون کو سپر ہائی وے ایبٹ لیبارٹری 13جون یوسف گوٹھ جب کے 14جون دوپہر 12بجے سے سپرہائی وے کراچی ٹول پلازہ پر انٹر سٹی بسوں کو چیک کرے گی۔

ترجمان موٹروے پولیس سندھ کے مطابق نیشنل ہائی وے موٹروے پولیس نے مسافروں کو آگاہ کیا ہے کہ کراچی سے عیدالفطر کی چھٹیوں پر جانے اور آنے والوں مسافروں سے کوئی بھی بس مالک زیادہ کرایہ وصول کرے تو وہ موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130 یا موٹروے پر موجود موٹروے پولیس کے افسران کو آگاہ کریں۔

ترجمان کے مطابق زائد کرایہ لینے پر مسافر کو بس مالکان کی جانب سے کرایہ واپس کرنا پڑے گااور بس کا موقع پر چالان کرکے جرمانہ عاید کیا جائے گا،شہریوں سے لوٹ مار نہیں کرنے دیں گے۔
Load Next Story