پی پی غریبوں مسکینوں اور ہاریوں کی پارٹی ہے اویس مظفر

غریب ہاری خواتین میں مفت زمینیں تقسیم کیں ، کامیاب ہو کر عوامی خدمت جاری رکھیں گے، کیٹی بندر میں خطاب.

ٹھٹھہ میں ریلی ہزاروں افراد کی شرکت ، جت برادری اور اعجاز شاہ شیرازی کے برادر نسبتی پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے. فوٹو: فائل

پیپلز پارٹی کے رہنما پی ایس 88 کے امیدوار اویس مظفر نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی غریبوں ، مسکینوں اور ہاریوں کی پارٹی ہے۔

جس نے اپنے دور اقتدار میں غریب ہاری خواتین میں مفت زمینیں تقسیم کیں ، عوام کو بڑی تعداد میں روزگار فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ زندگی کی بنیادی ضروریات پوری کرنے کو ترجیح دی۔ یہ بات انھوں نے ٹھٹھہ کے شہر کیٹی بندر میں ریلی ، استقبالیہ اور مختلف کارنرز میٹنگز کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

قبل ازیں ٹھٹھہ کی مشہور شخصیت اور جت برادری کے سربراہ داؤد جت نے اویس مظفر کے اعزاز میں استقبالیہ دیا ۔ ریلی میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور جیے بھٹو ، جیے بے نظیر بھٹو اور جیے بلاول بھٹو اور جیے اویس مظفر کے نعرے لگائے ۔ انھوں نے کہا کہ عوام نے جس طرح زبردست جوش و خروش سے میرا استقبال کیا ہے اسے کبھی نہیں بھول سکتا اور پیپلز پارٹی عوام کی طاقت سے دوبارہ کامیاب ہو کر عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھے گی ۔ انھوں نے کہا کہ ٹھٹھہ کے عوام انتہائی پسماندہ ہیں، ان کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرائے جائیں گے ۔




پیپلز پارٹی عوامی فلاح و بہبود کے حوالے سے عوام کے دلوں پر راج کرتی ہے ، غریب اور مسکین افراد صرف پیپلز پارٹی پر ہی بھروسہ کرتے ہیں اور انشا اللہ آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کے تمام امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرائیں گے۔ اس موقع پر جت برادری کے سربراہ داؤد جت نے برادری سے اپیل کی کہ وہ پیپلز پارٹی کے تمام امیدواروں کو ووٹ دے کر کامیاب بنائیں۔

جبکہ پی ایس 88 پر آزاد حیثیت سے نامزد امیدوار اور اعجاز شاہ شیرازی کے برادر نسبتی سید مراد علی شاہ نے اویس مظفر کے حق میں دستبرداری کا اعلان کیا ۔ علاوہ ازیں ساکرو کی اہم شخصیت مرحوم سید امیر شاہ قدوسانی کے صاحبزادے سید دریاء شاہ قدوسانی نے بھی اویس مظفر کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے اپنی برادری سے پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو ووٹ دینے کی اپیل کی ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل شیرازی گروپ کے سربراہ سید اعجاز شاہ شیرازی کے داماد نے بھی اویس مظفر سے ملاقات کرکے پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کیا تھا۔
Load Next Story