واٹسن اور فالکنر نے حیدرآباد کا سورج غروب کردیا

راجستھان8وکٹ سے فتحیاب،اوپنر کے98رنز، پیسر کی5وکٹیں،ممبئی بھی کامیاب.

آئی پی ایل: سن رائزرز حیدرآباد کیخلاف ناقابل شکست 98 رنز بنانے والے راجستھان رائلز کے شین واٹسن کا جارحانہ انداز، عقب میں سنگاکارا موجود۔ فوٹو: بی سی سی آئی

واٹسن اور فالکنر نے حیدرآباد کا سورج غروب کردیا، راجستھان رائلز نے 13 بالز قبل ہی 8 وکٹ سے میدان مارلیا۔

دوسرے میچ میں ممبئی انڈینز نے رائل چیلنجرز بنگلور کو 58 رنز سے پچھاڑ دیا۔ تفصیلات کے مطابق راجستھان رائلز نے 145 رنز کا ہدف 17.5 اوورز میں 2 وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا، تیسرے ہی اوور میں اجنکیا راہنے کے ایک رن پر آئوٹ ہونے کے بعد شین واٹسن کپتان راہول ڈریوڈ کے ہمراہ اسکور کو 81 رنز تک لے گئے، ڈریوڈ کو 36 رنز پر تشارا پریرا نے وہاری کی مدد سے آئوٹ کیا، واٹسن 98 پر ناٹ آئوٹ رہے، انھوں نے 53 گیندوں پر 4 چھکے اور 13 چوکے لگائے۔ اس سے پہلے سن رائزرز نے 9 وکٹ پر 144 رنزبنائے، جیمز فالکنر نے زوردار اٹیک کیا، ابتدائی 6 بیٹسمین تو ڈبل فیگر میں ہی نہیں پہنچ پائے۔




ڈیرن سیمی نے 60 رنز بنائے، فالکنر نے 5 اور اجیت چنڈیلا نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ اسی روز کھیلے گئے دوسرے میچ میں رائل چیلنجرزبنگلور کی ٹیم 195 رنز کے تعاقب میں 7 وکٹ پر 136 رنز ہی بنا پائی، گذشتہ میچ میں ریکارڈ ساز اننگز کھیلنے والے کرس گیل اس بار 18 رنز پر آئوٹ ہوئے، ونے کمار 26 اور روی رامپال 23 رنزپر ناٹ آئوٹ رہے، سورابھ تیواری نے 21 رنز بنائے، دھوال کلکرنی نے 3 جبکہ ہربھجن سنگھ اور ڈیوائن اسمتھ نے 2، 2 وکٹیں لیں۔ اس سے قبل ممبئی انڈینز نے 7 وکٹ پر 194 رنز اسکور کیے، ڈیوائن اسمتھ50، دنیش کارتھک 43 اور ٹنڈولکر23 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
Load Next Story