تعطل کا شکارجیل چورنگی فلائی اوور کا کام دوبارہ شروع

فلیٹ مکینوں کی منتقلی جاری،جون تک کام مکمل ہو جائیگا،ہاشم رضا زیدی.

رائٹ وے فلائی اوور مکمل ہونے کے بعد شہریوں وعلاقہ مکینوں کو ریلیف ملے گا فوٹو: فائل

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر سید ہاشم رضا زیدی نے کہا ہے کہ جیل چورنگی رائٹ وے فلائی اوور کا تعمیراتی کام شروع کردیا گیا ہے۔

جیل کے اندر کی جگہ کے حصول کے لیے فلیٹوں کے مکینوں کی منتقلی جاری ہے جو اگلے5 روز میں مکمل کرلی جائے گی، یہ بات انھوں نے جیل چورنگی رائٹ وے کے تعمیراتی کاموں کے حوالے سے منعقدہ میٹنگ کے موقع پر کہی، انھوں نے کہا کہ طویل عرصے سے تعطل کا شکار جیل چورنگی کے رائٹ وے فلائی اوور کا کام 30جون تک مکمل کرلیا جائے گا جس کے لیے فنڈز کی کمی کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہے، فلائی اوور کے رائٹ وے کی30 میٹر لمبائی پر کام جاری ہے جبکہ فلیٹوں کے ساتھ ساتھ فلائی اوور کے تعمیر میں حائل اسکول کی عمارت کوبھی خالی کراکے مسمار کیا جارہاہے۔

انھوں نے کہا کہ جیل کے عملے کی رہائشی آبادی کو نئے تعمیر ہونے والے فلیٹوں میں منتقل کیا جارہا ہے، معاہدے کے تحت کے ایم سی کی جانب سے 3 کیٹگریز پر مشتمل96 فلیٹس تعمیر کیے گئے ہیں جہاں بجلی، گیس اور پانی کی فراہمی کے بعد عملے کی منتقلی کا کام شروع کیا گیا ہے، انھوں نے کہا کہ جیل چورنگی سے یونیورسٹی روڈ کی جانب مڑنے والے رائٹ وے فلائی اوور کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد شہریوں اور علاقے کے لوگوں کو ریلیف ملے گا، اس موقع ڈائریکٹر جنرل ٹیکنکل سروسز نیاز احمد سومرو نے بتایا کہ جیل کے عملے کے لیے تعمیر ہونے والے فلیٹوں پر 175ملین روپے لاگت آئی ہے۔




جیل کے عملے کیلیے ٹائپ اے میں700اسکوائر فٹ کے 80فلیٹس تعمیر کیے گئے ہیں، ٹائپ بی میں1100اسکوائر فٹ کے10 اور ٹائپ سی میں 1550اسکوائر فٹ کے6 فلیٹس بنائے گئے ہیں، انھوں نے بتایا کہ گھروں کی منتقلی کے سلسلے میں میں جیل حکام مکمل تعاون کررہے ہیں، جیل کے عملے کی مکمل منتقلی کے بعد کام کی رفتاز مزید تیز ہوگی، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے نیاز سومرو کو ہدایت کی کہ کام کی رفتار کے ساتھ ساتھ معیار کا بھی خیال رکھا جائے تاکہ تعمیر ہونے والا رائٹ وے دیرپا ثابت ہو۔

انھوں نے کہا کہ شہرکے مختلف علاقوں میں جاری ترقیاتی منصبوبوں کا وہ از خود دورہ کریں گے اور کوشش کی جائے گی کہ انھیں مقررہ وقت میں مکمل کرلیا جائے،انھوں نے کہا کہ تعمیراتی کاموں کے باعث شہریوں کو جن تکالیف کا سامنا ہے بلدیہ عظمیٰ کراچی کو اس کا پورا احساس ہے، مختلف علاقوںمیں ترقیاتی منصوبے شہرکے بہتر مفاد میں تعمیر کیے جارہے ہیں جن کی تکمیل کے بعد شہریوں کو بڑے پیمانے پر سہولتیں میسر آئیں گی۔
Load Next Story