قومی ہاکی ٹیم آسٹریا کو زیر نہ کر سکی پریکٹس میچ 11 سے ڈرا

واحد گول ارسلان قادر نے کیا، دورے کے 3میچزمیں صرف ایک فتح ملی، پلیئرزکی کارکردگی سے مطمئن ہوں، کوچ

واحد گول ارسلان قادر نے کیا، دورے کے 3میچزمیں صرف ایک فتح ملی، پلیئرزکی کارکردگی سے مطمئن ہوں،کوچ۔ فوٹو: فائل

ایف آئی ایچ چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں میں مصروف پاکستان ہاکی ٹیمآسٹریا کو زیر نہ کر سکی اور پریکٹس میچ ایک، ایک گول سے برابر ہوگیا۔

چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم ان دنوں ہالینڈ کے شہر بریڈا میں موجود ہے اور وہاںملکی اور غیر ملکی کوچز کی نگرانی میں ٹریننگ کے ساتھ پریکٹس میچز کا سلسلہ بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔

رضوان سینئر ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں، دیگر پلیئرز میں عمران بٹ، مظہر عباس، امجد، عرفان سینئر، مبشر، علیم بلال، عماد بٹ، توثیق، راشد محمود، تصور عباس رضوان جونیئر، ابوبکر، عرفان جونیئر، رضوان جونیئر، شفقت ملک، علی شان، اظفر یعقوب، اعجاز اور رانا سہیل شامل ہیں۔

گزشتہ روز پاکستان کا مقابلہ آسٹریا کے ساتھ شیڈول تھا، دونوں ٹیمیں مقررہ وقت میں صرف ایک، ایک بار ہی گیند کو جال کے اندر پھینک سکیں۔ پاکستان کی طرف سے واحد گول ارسلان قادر نے کیا۔


میچ کے آغاز میں دونوں ٹیموں نے دفاعی انداز اپنایا جس کی وجہ سے پہلے کوارٹر میںکوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی تاہم دوسرے کوارٹر کے آخری منٹ میں ارسلان قادر پاکستان کی طرف سے گول کرنے میں کامیاب ہوگئے، تیسرے کوارٹر میں دونوں ٹیمیں بھر پور کوشش کے باوجود مزید گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکیں۔

چوتھے کوارٹر میں پاکستانی ٹیم نے گولز کی برتری کو دوگنا کرنے کی بھر پور کوشش کی لیکن فاروڈز اس مقصد میں کامیاب نہ ہو سکے۔ کھیل ختم ہونے سے صرف 2 منٹ قبل آسٹریا کی ٹیم پاکستان کے خلاف گول کرکے میچ برابر کرنے میں کامیاب ہوگئی۔

یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں پاکستانی ٹیم روایتی حریف بھارت کے خلاف23 جون کو مدمقابل ہوگی، 24 جون کو پاکستان کا مقابلہ آسٹریلیا کے ساتھ رکھا گیا ہے، 26 جون کو گرین شرٹس ہالینڈ کے خلاف ایکشن میں دکھائی دیں گے، 28 جون کو پاکستان کا مقابلہ ارجنٹائن کے ساتھ ہوگا جبکہ میگا ایونٹ کے پہلے مرحلے کے آخری میچ میں پاکستانی ٹیم 29 جون کو بیلجیئم کے خلاف نبرد آزما ہوگی۔

ادھر قومی ہاکی ٹیم کے کوچ محمد ثقلین کھلاڑیوں کی اب تک کی کارکردگی سے مطمئن ہیں، ان کا کہنا ہے کہ پریکٹس میچز کی وجہ سے نہ صرف کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع مل رہا ہے بلکہ پلیئرز کی خوبیوں اور خامیوں کو بھی جاننے میں مدد مل رہی ہے۔

محمد ثقلین کا کہنا تھا کہ غیر ملکی گول کیپر ڈینس کے ہالینڈ سے ہی تعلق رکھنے والے برام لومینز نے بھی کیمپ کو جوائن کر رکھاہے اور وہ قومی کھلاڑیوں کو پنالٹی کارنر لگانے کی بھر پور پریکٹس کروا رہے ہیں، پی ایچ ایف کی ان کوششوں کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے، وہ امید کرتے ہیں کہ چیمپئنز ٹرافی میں پلیئرز اچھی کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہیں گے۔
Load Next Story