لوکاس کیریئر کا پہلا اے ٹی پی ٹائٹل جیتنے میں کامیاب

موناکو ویمنز ٹینس ٹورنامنٹ کی ٹرافی اطالوی پلیئر فرانسسکا شوانے کے نام ہوگئی۔

بخارسٹ ‘ رومانیہ: کیریئر کا اولین اے ٹی پی ٹائٹل جیتنے والے جمہوریہ چیک کے لوکاس روسول رومانیہ کی جمناسٹ اسٹار نادیا سے ٹرافی وصول کررہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

بخارسٹ مینز ٹینس ٹورنامنٹ میں جمہوریہ چیک کے لوکاس روسول اپنا پہلا اے ٹی پی ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوگئے۔

انھوں نے فیصلہ کن معرکے میں اسپین کے گولیرمو گارشیا لوپز کو 6-3،6-2 سے زیر کیا، 27 سالہ روسول نے گزشتہ برس ومبلڈن کے سیکنڈ رائونڈ میں رافیل نڈال کو بھی اپ سیٹ کرکے سب کو حیران کردیا تھا، گارشیا کیخلاف انھیں غلبہ پانے میں محض ایک گھنٹہ صرف ہوا، روسول ایونٹ میں ڈیوس کپ ٹائی میں اپنے ملک کو فتح دلوانے کے بعد پراعتماد اندازمیں آئے تھے اور انھوں نے ٹائٹل جیت کر اپنے بلند عزائم کا بھی اظہار کردیا، واضح رہے کہ ڈیوس کپ سیمی فائنل ٹائی میں روسول نے قازقستان کے ایوگینے کارلوف کو بھی مات دی تھی۔




دوسری جانب بارسلونا اوپن کے فائنل میں سیکنڈ سیڈ رافیل نڈال نے ہموطن نکولس الماگرو کو مات دے دی، کلے کورٹ چیمپئن کی جیت کا اسکور 6-4 اور 6-3 رہا،یہ نڈال کے کیریئر کا 54واں ٹائٹل ہے اور رواں سال ان کی چوتھی کامیابی ہے،نڈال نے آٹھویں مرتبہ بارسلونا اوپن جیتا ہے، مراکش میں ویمنز ٹینس ٹورنامنٹ اٹلی کی فرانسسکا شیوانے نے جیت لیا، انھوں نے ٹرافی مقابلے میں اسپین کی ڈومنگوئز لینو کیخلاف 6-1،6-3 سے فتح سمیٹی۔
Load Next Story