چیف جسٹس کا نہر خیام پر غیر قانونی تعمیرات مسمار کرنے کا حکم

دھمکیوں سے نہیں ڈریں،تجاوزات ختم کریں،سپریم کورٹ کی میئر کو ہدایت

میئرکراچی وسیم اخترکو ٹرمینل کے معائنے کا حکم ،صدر ٹینکرز ایسوسی ایشن یوسف شہوانی کی سرزنش۔ فوٹو: فائل

چیف جسٹس سپریم کورٹ ثاقب نثار نے نہر خیام پر غیر قانونی تعمیرات مسمار کرنے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس نے میئر کراچی کے ساتھ نہر خیام کا دورہ کیا اس موقع پر میئر وسیم اختر نے چیف جسٹس کو بریفنگ دی، میئر نے بتایا کہ نہر خیام میں سیوریج کی لائنیں بھی آتی ہیں، سیوریج کی لائنوں کو ختم کر رہا ہوں ، نالے کی صفائی کے بعد نہر کے اطراف گرین بیلٹ بنائی جائے گی ، چیف جسٹس نے سوال کیا کہ کتنے روز میں نہر کی حالت بدلیں گے ، میئر کراچی نے کہا کہ سر 3سے 4ماہ لگ سکتے ہیں۔

چیف جسٹس نے حکم دیا کہ جلد از جلد نالے کی حالت بدلیں، میئر کراچی نے شکایت کی کہ نالوں پر تعمیرات کی گئیں ،چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ کس نے تعمیرات کیں انھیں توڑا کیوں نہیں گیا،میئر کراچی نے بتایا کہ نہر خیام پرتعمیر عمارت کو مسمار کرنے کے لیے آپریشن کیا گیا تھا،عمارت گرانے کا آپریشن روک دیا گیا ، چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کیا اور استفسار کیا کہ آپریشن کیوں روکا گیا۔

میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ بااثر لوگ پیچھے ہیں دھمکیاں آتی ہیں ،چیف جسٹس نے دریافت کیا کہ کون لوگ پیچھے ہیں۔ دھمکیوں سے نہ ڈریں،نہر پر موجود تعمیرات کو فوری طور پر گرائیں ،نالے کے اطراف کوئی تجاوزات نہیں ہونی چاہیے۔


علاوہ ازیں سپریم کورٹ نے ذوالفقار آباد آئل ٹرمینل کا معائنہ کرنے کے لیے میئرکراچی وسیم اختر اور ضیا اعوان کو بھی ذوالفقار آباد آئل ٹرمینل کا معائنہ کرنے کی ہدایت کردی، عدالت نے حکم دیا ہے کہ 15 دن بعد کوئی ٹینکر شیریں جناح کالونی میں کھڑا نہیں ہوگا، بدھ کوسپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں ذوالفقار آباد آئل ٹرمینل کیس کی سماعت ہوئی ، میئرکراچی وسیم اختر، آئل ٹینکر ایسوسی ایشن کے عہدیداران عدالت میں پیش ہوئے۔

چیف جسٹس نے میئر کراچی سے استفسار کیا کہ میئر صاحب کتنے نالوں کی صفائی ہو چکی؟بتائیں کس نالے کا دورہ کروا رہے ہیں؟ میئر کراچی نے جواب دیا کہ نہر خیام چلتے ہیں، وسیم اختر نے بتایا کہ ذوالفقار آباد آئل ٹرمینل کا ایک سال قبل افتتاح ہوچکا ہے،آئل ٹینکرز مالکان جانے کے لیے تیار نہیں ہیں،صدر ٹینکرز ایسوسی ایشن یوسف شہوانی نے کہا کہ ہم جانے کے لیے تیار ہیں،میئر کراچی جھوٹ بول رہے ہیں۔

چیف جسٹس نے یوسف شہوانی کی سرزنش کی اور کہا کہ کہ آپ کا میئر ہے۔ عزت سے بات کریں، یوسف شہوانی نے مزید کہا کہ دو سو ایکڑ میں سے ہمیں صرف 130 ایکڑ اراضی دی گئی،چیف جسٹس نے میئر سے سوال کیا کہ کام مکمل کیوں نہیں ہوا؟کام مکمل ہوچکا چاہیں تو ناظر سے معائنہ کروالیں۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ناظر جائے گا، رپورٹ لائے گا، میں خود جا کر دیکھ لیتا ہوں،آئل ٹینکر والوں نے ہڑتال کی تو سب کو اندر کردیں گے، 15 دن بعد کوئی ٹینکر شریں جناح کالونی میں کھڑا نہیں ہوگا، یوسف شہوانی کا کہنا تھا کہ ایسا ممکن نہیں ہو پائے گا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ میاں صاحب آپ کے پاس ہر قسم کی حجت ہے، خدا کا خوف کریں کچھ حب الوطنی پیدا کریں،عدالت نے میئرکراچی کو حکم دیا کہ آپ ساتھ جائیں، ہمیں صورتحال سے آگاہ کریں،عدالت نے ضیا اعوان کو بھی ذوالفقار آباد آئل ٹرمینل کا معائنہ کرنے کی ہدایت کردی۔
Load Next Story