فیکٹریوں کے ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تفصیل طلب

ضلع غربی کی صنعتوں کونوٹس جاری ،فیکٹری مالکان28جون کوطلب ،ضلع شرقی کے فیکٹری مالکان بھی ریکارڈ جمع کرائیں۔

پورٹ قاسم کے صنعتی یونٹوں کی جانچ کا حکم،جانچ نہ کرنیوالے مالکان کیخلاف مقدمات درج کرائے جائیں،کمیشن سربراہ۔ فوٹو: فائل

واٹر کمیشن نے فیکٹری مالکان کو ٹریٹمنٹ پلانٹ سے متعلق تفصیلات پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

پانی، صحت اور صفائی سے متعلق سپریم کورٹ کے حکم پر قائم کردہ کمیشن کے سربراہ جسٹس (ر) امیر ہانی مسلم کی سربراہی میں کمیشن کی کارروائی سندھ ہائی کورٹ میں ہوئی کارروائی کے دوران کمیشن کے سربراہ جسٹس (ر) امیر ہانی مسلم نے ضلع غربی کی صنعتوں کو نوٹس جاری کردیے۔

کمیشن سربراہ نے ضلع غربی کے تمام فیکٹری مالکان کو 28 جون کو طلب کرلیا ہے، فیکٹری مالکان کو ٹریٹمنٹ پلانٹ سے متعلق تفصیلات پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے، فیکٹری مالکان سے فیکٹریوں کو ٹریٹمنٹ پلانٹ سے متعلق تفصیلات پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔


کمیشن سربراہ نے ضلع شرقی میں واقع صنعتوں کے مالکان سے بھی 2 جولائی کو تفصیلات طلب کرلی ہیں، کمیشن سربراہ نے ڈائریکٹر جنرل سیپا اور پورٹ قاسم اتھارٹی کو صنعتی یونٹوں کی جانچ (انسپکشن) کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ صنعتوں کی جانچ کرانے سے انکار کرنیوالے فیکٹری مالکان کیخلاف مقدمات درج کرائے جائیں۔

کمیشن سربراہ نے ضلع ملیر اور ضلع غربی سے کچرا اٹھانے والے سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے ٹھیکیداروں کو بھی 27 جون کو طلب کرلیا ہے ، کمیشن نے سندھ بھر کی عدالتوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا ریکارڈ انجینئر ورکس کے حوالے کرنے کا حکم دیا ہے۔

ریکارڈ انجنیئرز کے حوالے نہ کرنے پر ڈی جی پر کمیشن سربراہ برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سرکاری اسپتالوں میں جاری منصوبوں کے فنڈز انجینئرنگ ورکس اینڈ سروسزکو جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔

کمیشن کی کارروائی کے دوران سیکریٹری تعلیم نے بتایا کہ اسکولوں کو صاف پانی کی فراہمی کے متعلق منصوبوں کی مدت میں اضافے کی منظوری دے دی گئی ہے اگست 2018 تک 6 ہزار اسکولوں کو صاف پانی فراہم کردیا جائے گا۔
Load Next Story