بلدیہ کوٹری میں کرپشن اور خلاف ضابطہ بھرتیوں پر ایڈمنسٹیرٹر معطل

گریڈ 16کے افسر نے بلا ٹیسٹ،انٹرویو 250 افراد کو ایک دن میں تقرر نامے جاری کر دیے

انکوائری افسر ڈپٹی سیکریٹری (ایڈمن) اقبال جمانی نے تحقیقات شروع کر دی ہے جو ایک ہفتے میں رپورٹ سیکریٹری بلدیات کو پیش کریں گے۔

سیکریٹری بلدیات علی احمد لوند نے میونسپل کمیٹی کوٹری میں کروڑوں روپے کی مالی بدعنوانیوں اور 250 سے زائد خلاف ضابطہ بھرتیوں کے تقرر نامے جاری کرنے پر ایڈمنسٹریٹر جاوید جتوئی کو معطل کر کے تحقیقات کا حکم دیاہے۔

انکوائری افسر ڈپٹی سیکریٹری (ایڈمن) اقبال جمانی نے تحقیقات شروع کر دی ہے جو ایک ہفتے میں رپورٹ سیکریٹری بلدیات کو پیش کریں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ 16 گریڈ کے ٹی او فنانس کے پاس ایڈمنسٹریٹر کا چارج تھا جنہوں نے از خود کسی مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بغیر 250 سے زائد افراد کو ایک ہی دن میں براہ راست مستقل ملازمت کے آرڈر جاری کر دیے۔


یہ امر قابل ذکر ہے کہ حکومت سندھ نے بغیر کسی قابلیت، ٹیسٹ اور انٹرویو کے نوکری دینے سے متعلق ایسا کوئی آرڈر جاری نہیں کیا تھا ۔لیکن ایڈمنسٹریٹر نے گریڈ 2 سے 9 تک کی بھرتیوں کے اپنے دستخطوں سے آرڈر جاری کر دیے جبکہ انہیں اس کا اختیار حاصل نہیں تھا۔



بتایا جاتا ہے کہ سیکریٹری بلدیات نے اس بات کا بھی سختی سے نوٹس لیا ہے کہ میونسپل کمیٹی کوٹری کو ہر ماہ پونے 2 کروڑ روپے کی قسط جاری کرنے کے باوجود ملازمین کو تنخواہیں کیوں نہیں دی جاتی تھیں۔ دوسری جانب میونسپل کے متاثرہ ملازمین کا کہنا ہے کہ اس بات کی بھی انکوائری کی جائے کہ 70 لاکھ روپے ملازمین کی تنخواہ دینے کے بعد بقایا ایک کروڑ روپے کہاں جاتے ہیں۔
Load Next Story