دادو میں کار پر فائرنگ سے 6 افراد ہلاک ایک زخمی

مقتولین میں معشوق لاشاری، ارباب علی، محمد مٹھل، ہدایت اللہ، خادم حسین اور شاہد حسین لاشاری شامل ہیں۔

فوٹو : فائلزرعی تنازع پر ڈسٹرکٹ جیل کے قریب کار سوار افراد نے دوسری کار پر فائرنگ کی۔ فوٹو: فائل

زرعی زمین کے تنازع پر مسلح افراد نے کار پر فائرنگ کرکے 6 افراد کو قتل کردیا اور ایک شخص زخمی ہوا۔

ڈسٹرکٹ جیل دادو کے قریب انڈس ہائی وے پر کار سوار مسلح افراد نے دوسری کار پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں کار میں سوار لاشاری برادری کے ایک ہی خاندان کے 6 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ ڈرائیور اعظم برہمانی شدید زخمی ہوا، مقتولین میں معشوق لاشاری، ارباب علی، محمد مٹھل، ہدایت اللہ، خادم حسین اور شاہد حسین لاشاری شامل ہیں۔

فائرنگ سے علاقے میں بھگدڑ مچ گئی، آدھے گھنٹے بعد خدا آباد اور بی سیکشن پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر لاشیں تحویل میں لیں، زخمی کو مسافر گاڑی کے ذریعے سول اسپتال پہنچایا جہاں اسے فوری طبی امداد کے بعد حیدرآباد روانہ کردیا گیا۔


پولیس کے مطابق مقتولین کا تعلق لاشاری برادری سے ہے جو بھان سعید آباد کے رہائشی ہیں جبکہ یہ واقعہ مری اور لاشاری برادری کے دو گروہوں کے درمیان جاری دیرینہ تنازع پر پیش آیا۔

پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ عینی شاہدین کے مطابق مسلح افراد نے کار پر فائرنگ کرنے کے بعد نعرے بازی بھی کی، علاوہ ازیں برادری کے 6 افراد کے قتل پر لاشاری برادری کے درجنوں مسلح افراد سول اسپتال پہنچ گئے، جس سے اسپتال میں خوف پھیل گیا۔

ایس ایس پی دادو تنویر احمد تنیو کے مطابق 2 سال قبل زرعی زمین کے معاملے پر تنازع شروع ہوا تھا جس میں مری برادری کے 2 افراد کو قتل کیا گیا تھا، یہ واقعہ اسی تنازع کا شاخسانہ ہے، ملزمان کی گرفتاری کیلیے چھاپوں کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے، جلد گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔
Load Next Story