شہر قائد سیاسی سرگرمیوں کا محور

شہر کراچی کو جس مسیحا کا انتظار تھا وہ بہت جلد سامنے ہوگا

شہر کراچی کو جس مسیحا کا انتظار تھا وہ بہت جلد سامنے ہوگا۔ فوٹو: فائل

مین اسٹریم سیاسی جماعتوں کی جانب سے کراچی کو اہمیت اور سیاسی سرگرمیوں کا محور قرار دینے کے بعد یوں لگتا ہے جیسے شہر قائد کی قسمت جاگنے والی ہے ۔ وفاق پرست جماعتوں کی کراچی میں دلچسپی اور اس کے مسائل پر تشویش ایک نئی اور مثبت سوچ ہے، بڑی سیاسی جماعتوں نے جو ''وزیراعظم کراچی سے'' کا نعرہ بلند کیا ہے اس سے محسوس ہونے لگا ہے جیسے شہر ناپرساں کو جس مسیحا کا انتظار تھا وہ بہت جلد سامنے ہوگا۔


اس سلسلے میں ملک کی سابقہ حکمراں جماعت ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے پہلی بار اپنی انتخابی مہم کا آغاز شہر قائد سے کیا ہے جو کہ ثابت کررہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کی نظر میں کراچی کی اہمیت دوچند ہوگئی ہے۔ شہر قائد سے بلاول، عمران اور اب شہباز شریف الیکشن لڑ رہے ہیں، یہ خوش آیند منظر نامہ ہے۔ شہر قائد کے عوام ایک عرصہ سے سیاسی دعووں اور وعدوں اور سہانے خوابوں سے باہر نکل کر حقیقت کی زندگی جی رہے ہیں جہاں زیست مشکل تر ہے، کراچی کو پانی کی قلت، صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال، پبلک ٹرانسپورٹ کی عدم فراہمی، انفرااسٹرکچر کی بدحالی کا سامنا ہے۔

ان گنت مسائل کراچی میں پہاڑ کی طرح سر اٹھائے کھڑے ہیں، گزشتہ حکومتوں اور انتظامیہ کی ناقص کارکردگی نے مسائل کو گنجلک بنادیا ہے۔ شہر قائد کے باسی کسی مسیحا کے انتظار میں ہیں۔ اب کی بار انتخابات میں وہی جماعت شہریوں کا دل جیت لینے میں کامیاب ہوگی جو حقیقی معنوں میں کراچی اور شہریوں کے مسائل کا ادراک اور ان کے حل کا وژن رکھتی ہو۔ اس لیے صائب ہوگا کہ سیاسی جماعتیں روایتی سیاسی مہم اور خوش کن وعدوں کے بجائے مسائل کے حل کا قابل عمل روڈمیپ بھی عوام کے سامنے رکھیں تاکہ عوام کو اپنا مسیحا منتخب کرنے میں آسانی ہو۔
Load Next Story