سارک چیمبر کا پاکستانی وفد آج بھارت روانہ ہوگا

جنوبی ایشیائی وزرائے خزانہ اجلاس میں شرکت، دیگر وفود سے ملاقاتیں بھی کرے گا،افتخار ملک

جنوبی ایشیائی وزرائے خزانہ اجلاس میں شرکت، دیگر وفود سے ملاقاتیں بھی کرے گا،افتخار ملک. فوٹو فائل

سارک چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری پاکستان چیپٹر کا وفد جمعہ 3 مئی کو ہونے والے سارک وزرائے خزانہ اجلاس میں شرکت کے لیے جمعرات کو نئی دہلی (بھارت) کے لیے روانہ ہوگا۔

وفد کے قائد نائب صدر سارک چیمبر افتخار علی ملک نے بتایا کہ اجلاس میں سری لنکا، بھوٹان، بھارت، مالدیپ، نیپال، بنگلہ دیش اور افغانستان کے وزرا اور پاکستان کے مشیرخزانہ شرکت کرینگے، اس موقع پر سارک کے رکن ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کے فروغ پر بات چیت ہوگی، صدر سارک چیمبر وکرم جیت سنگھ، سینئرنائب صدر احمد مجتبیٰ (مالدیپ)، نائب صدرور جشیم الدین (بنگلہ دیش)، تھن لے پالدین دورجی (بھوٹان)، ماہندرا پارمر (بھارت)، پردیپ کمار شریشتا (نیپال)، کاسالا ورکرمانائیکا (سری لنکا) اور سیکریٹری جنرل اقبال تابش بھی اس موقع پر اپنے خیالات کااظہار کریں گے۔




انھوں نے کہاکہ اجلاس میں وزرائے خزانہ رکن ملکوں کے درمیان بینکاری نیٹ ورک کے قیام کے امکانات کا جائزہ لے سکتے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ سارک چیمبر کا پاکستانی وفد اپنے ہم منصبوں کے ساتھ ملاقاتیں کرے گا اور مسئلہ کشمیر، پانی کا تنازع اور دیگر معاملات پرامن طور پر مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے لیے دبائو ڈالے گا۔
Load Next Story