آسٹریلیا کو برآمدات دگنی کرنے کی حکمت عملی تیار

اے پی سی سی آئی نے فیصل آبادچیمبر سے معاہدہ کرلیا،شبیرچاؤلہ نے تعاون کایقین دلایا

مینوفیکچررز جارحانہ کوششوں سے برآمدات جلد250 ملین ڈالرکرسکتے ہیں،محمدآصف فوٹو: فائل

آسٹریلیا پاکستان چیمبر آف کامرس نے آسٹریلیا کی مارکیٹ میں پاکستانی مصنوعات کی برآمدات کو دگنی کرنے کی حکمت عملی وضع کرلی ہے اور اس سلسلے میں آسٹریلیا کا دورہ کرنے والے فیصل آباد چیمبر آف کامرس کے صدر کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کرلیے ہیں۔

آسٹریلیا پاکستان چیمبر آف کامرس کے صدر محمد آصف نے ایکسپریس کوبتایا کہ پاکستانی برآمدکنندہ اور مینوفیکچررز اگر مشترکہ حکمت عملی کے تحت اپنی مصنوعات کی جارحانہ مارکیٹنگ کریں اور آسٹریلیا میں ہونے والی قومی وبین الاقوامی نوعیت کی نمائشوں شرکت کریں تو مختصر سے دورانیے میں آسٹریلیا کے لیے پاکستانی برآمدات کا حجم 250 ملین ڈالر سے بڑھ کر 500 ملین ڈالر تک پہنچایا جاسکتا ہے اور اس ہدف کو پورا کرنے کے لیے فیصل آباد چیمبر کے صدر شبیر حسین چاولہ نے بھرپور تعاون یا یقین دلاتے ہوئے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔


انہوں نے بتایا کہ دونوں چیمبرز آف کامرس کے درمیان طے ہونے والے معاہدے کے تحت دونوں چیمبرز کے اراکین کے درمیان شعبہ جاتی بنیادوں پر باھمی رابطے کرائے جائیں گے تاکہ یہ ممبران ایک دوسرے کو مطلوبہ معلومات ڈیوٹی ٹیکسوں کے ٹیرف اور حکومتی پالیسیوں وترغیبات کے بارے میں فوری طور پر آگہی دیتے ہوئے پاکستان سے ان مصنوعات کی خریداری کو ترجیح دیں جو آسٹریلیا میں بھارت بنگلہ دیش وغیرہ سے منگوائی جارہی ہیں۔

معاہدے کے تحت دونوں چیمبرز کے اراکین مشترکہ حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے آسٹریلیا کی مارکیٹ اور بین الاقوامی مارکیٹوں میں ہونے والی تجارت میں پاکستان کا حصہ بڑھائیں گے۔ معاہدے کے تحت آسٹریلیا سمیت کسی بھی تیسرے ملک کے ساتھ تجارت بھی بڑھائی جائے گی جبکہ پاکستانی برآمدکنندگان کو آسٹریلیا میں ہونے والی اسپیشلائزڈ ٹیکنیکل فیئرز کانفرنسز سمیت ان تمام سرگرمیوں میں شمولیت کے راستے ہموار کیے جائیں گے جن کا تعلق پاکستان کی معیشت سے ہوگا۔
Load Next Story